فٹبال ورلڈکپ میں بڑااپ سیٹ ، برازیلین فٹبالر کا ریٹائرمنٹ کا اعلان
12:34 PM, 10 Dec, 2022
قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں کروشیا سے اپ سیٹ شکست کے بعد برازیل کے اسٹار فٹبالر نیمار دلبرداشتہ ہو گئے ہیں جب کہ ساتھی فٹبالر ڈینی الویز نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ گذشتہ روز کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں کروشیا کی ٹیم نے برازیل کی ٹیم کو پنالٹی ککس پر چار کے مقابلے میں دو گولز سے شکست دی تھی۔کروشیا کے ہاتھوں سے شکست کے بعد نیمار سمیت برازیل کے متعدد کھلاڑیوں کو گراؤنڈ میں ہی روتے دیکھا گیا تھا اور کروشیا کے کھلاڑیوں کو بھی برازیلین کھلاڑیوں کو حوصلہ دیتے دیکھا گیا تھا۔ میچ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے دلبرداشتہ نیمار نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ آیا وہ دوبارہ برازیل کی قومی ٹیم کے لیے کھیل سکیں گے یا نہیں، ابھی جو صورتحال ہے اس پر بات نہیں کر سکتا کیونکہ یہ اچھا نہیں ہو گا لیکن ابھی کسی چیز کی گارنٹی نہیں دے سکتا، آگے دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا مجھے اس حوالے سے سوچ بچار کیلئے وقت چاہیے، میں برازیل کی قومی ٹیم کی طرح سے کھیلنے کے دروازے بند نہیں کروں گا لیکن 100 فیصد یقین کے ساتھ کچھ کہہ بھی نہیں سکتا ہوں کہ دوبار کھیلوں گا۔ دوسری جانب برازیل کے فٹبالر ڈینی الویز نے کروشیا سے شکست کے بعد قومی ٹیم کے ریٹائر ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب صرف کلب فٹبال پر ہی توجہ دیں گے۔