سوار محمد حسین شہید نشان حیدر کا آج 51 واں یوم شہادت

02:06 PM, 10 Dec, 2022

احمد علی
سوار محمد حسین شہید نشان حیدر کا آج 51 واں یوم شہادت منایا جارہا ہے، ان کے 51 ویں یوم شہادت پر پاک فوج نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ مادر وطن پر جب بھی کسی دشمن نے میلی نگاہ ڈالی، بہادر اور غیور سپوتوں نے اپنے جانوں کا نذرانہ دے کر دھرتی کا تحفظ کیا، ہر سال جب بھی دسمبر آتا ہے جنگ اکہتر کی اداس یادوں کے ساتھ وطن پر قربان ہونے والوں کی لازوال داستانوں کو بھی تازہ کرتا ہے۔ انہی میں سے ایک سوار محمد حسین شہید ہیں ، جن کا آج اکیاون واں یوم شہادت منایا جا رہا ہے۔ پاک فوج کی بیس لانسرز یونٹ سے تعلق رکھنے والے سوار محمد حسیں شہید کا تعلق راولپنڈی کے ڈھوک پیر بخش سے تھا، اٹھارہ جنوری انیس سو اڑتالیس کو جنم لینے والے کی جنگ میں سوار محمد حسین نے بطور اسلحہ بردار ٹرک ڈرائیور شکر گڑھ سیکٹر میں نمایاں کردار ادا کیا۔ آپ اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر ایک مورچے سے دوسرے مورچے تک گولہ بارود پہنچاتے رہے، علاوہ ازیں کئی بار لڑاکا گشت کی کارروائیوں میں بھی رضا کارانہ طور پر شامل ہوئے۔7دسمبر کو ایسی ہی ایک لڑاکا گشت کے دوران سوار محمد حسین نے اپنے تین ساتھیوں کے ہمراہ دشمن کو گدر پور گاؤں سے بھگایا جبکہ گجگال گاؤں کی جانب دشمن کی پیش قدمی سے متعلق اہم معلومات بھی اپنی یونٹ ہیڈ کوارٹر کو فراہم کیں۔ 9 دسمبر کو انہوں نے انتہائی کامیابی سے دشمن کے ایک آرٹلری آبزرور کی نشاندہی کی اور اسے مار بھگایا۔10دسمبر کو بھی شکر گڑھ کے محاذ پر وطن عزیز کا یہ بہادر سپوت ہندوستانی ٹینکوں کی نشاندہی اور ان پر فائر گرانے میں اہم کردار ادا کرتا رہا اور ان کی درست نشاندہی کے نتیجے میں ہندوستان کے16ٹینک تباہ ہو گئے۔ اس دوران وطن کا یہ بہادر بیٹا دشمن کے ٹینک پر نصب مشین گن فائر کی زد میں آکر شہید ہوگیا ۔
مزیدخبریں