جی ایچ کیو کیس:PTIرہنماؤں سمیت 25 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

10:20 AM, 10 Dec, 2024

ویب ڈیسک: جی ایچ کیو حملہ کیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت 25 غیر حاضر ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق عدالت کی جانب سے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جانے والے پی ٹی آئی رہنماؤں میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور، شبلی فراز، کنول شوزب، راشد حفیظ، کرنل شبیر، عمر تنویر بٹ اور شہریار آفریدی شامل ہیں۔

جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت آج اڈیالہ جیل میں ہونی تھی لیکن سماعت اے ٹی سی جج امجد علی شاہ کے رخصت ہونے کے باعث ملتوی کی گئی۔

گزشتہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت 89 رہنماؤں اور کارکنان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

عدالت نے سی پی او راولپنڈی کو وارنٹ گرفتاری پر تعمیل کروانے کا حکم بھی دے رکھا ہے جبکہ ملزمان کو آج گرفتار کر کے عدالت پیش کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

وارنٹ گرفتاری انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ کی جانب سے جاری کیے گئے تھے۔ ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری گزشتہ سماعت پر عدم حاضری کی بناء پر جاری کیے گئے تھے۔

جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 13 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔

مزیدخبریں