ویب ڈیسک: دہلی کی ایک عدالت نے لیجنڈ بالی ووڈ ہیرو دھرمیندرا کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں عدالت طلب کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق پٹیالہ ہاؤس عدالت نے بالی ووڈ کے معروف اداکار دھرمندر اور دو دیگر افراد کے خلاف 'گرم دھرم ڈھابا' کی فرنچائزی کے حوالے سے فراڈ پر انہیں طلب کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عدالت میں ایک بھارتی شہری سشیل کمار نے درخواست دائر کی تھی کہ فرنچائزی کے نام پر اس سے فراڈ کرکے رقم ہتھیا لی گئی ہے۔
عدالت نے 5 دسمبر کو جاری کردہ فیصلے میں قراردیا ہے ملزمان نے شکایت کنندہ کو اپنے مقصد کے تحت دھوکہ دیا۔ اس بنیاد پر عدالت نے دھرمندر (اصلی نام دھرم سنگھ دیول) اور دیگر دو افراد کو آئی پی سی کی دفعہ 420 (دھوکہ دہی)، 120بی (مجرمانہ سازش) اور 506 (مجرمانہ دھمکی) کے تحت طلب کیا ہے۔
سشیل کمار نے بتایا کہ اپریل 2018 میں دھرمندر کے کارندے نے 'گرم دھرم ڈھابا' کی فرنچائز کے لیے این ایچ-24/این ایچ-9 (اتر پردیش) پر شاخ کھولنے کی پیشکش کی۔
انہیں بتایا گیا کہ دہلی کے کناٹ پلیس اور ہریانہ کے مورتھل میں موجود شاخیں ماہانہ 70-80 لاکھ روپے کا کاروبار کرتی ہیں۔
سشیل کمار نے الزام لگایا کہ انہیں 41 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کے بدلے 7 فیصد منافع کا وعدہ کیا گیا تاہم، یہ وعدے وفا نہ ہوسکے ۔
کیس کی اگلی سماعت کی تاریخ 20 فروری 2025 مقرر کی گئی ہے۔