لاہور (پبک نیوز) سپریم کورٹ نے ذہنی معذور سزائے موت کے قیدیوں کو پھانسی دینے کے خلاف اپیلوں پر تاریخ ساز فیصلہ سنا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس منظور احمد ملک کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے فیصلہ سنایا، عدالت نے امداد علی اور کنیزاں بی بی کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا اور دونوں مجرموں کو پنجاب کے ذہنی امراض کے ہسپتال میں منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے غلام عباس کی سزائے موت کے خلاف اپیل صدر مملکت کو دوبارہ بھیجنے کا حکم دیا ہے اور عدالت کے مطابق صدر مملکت سے توقع ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں رحم کی اپیل پر فیصلہ کریں گے۔
یاد رہے کہ امداد علی کو سال 2002ء، کنیزاں بی بی کو 1991ء اور غلام عباس کو سال 2004ء میں سزائیں سنائی گئ تھیں، کمالیہ کی کنیزاں بی بی 6 افراد کے قتل کے الزام میں موت کی سزا سنائی گئی تھی اور وہاڑی کے امداد علی پر بوریوالہ میں حافظ عبداللہ کو قتل کرنے کا الزام ہے۔