سرکاری ملازمین کیلئے خوشخبری، تنخواہوں میں اضافے کا اعلان
04:59 AM, 10 Feb, 2022
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ ملازمین کو ڈسپیریٹی الاؤنس دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے. اس حوالے سے وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گریڈ ایک سے انیس تک کے تمام سرکاری ملازمین کو پندرہ فیصد ڈسپیریٹی الاؤنس دیا جائے گا۔ سرکاری ملازمین کیلئے جاری یہ ڈسپیریٹی الاؤنس بنیادی تنخواہوں پر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کا اطلاق آئندہ ماہ یکم مارچ سے ہوگا۔ اس کے علاوہ وزارت خزانہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹائم سکیل پروموشن کی سمری پر غور کیا جا رہا ہے، جو سرکاری ملازمین کافی عرصے سے ایک ہی گریڈ میں کام کر رہے ہیں، ان کو ترقی دینے کے لئے سمری پر غور کیا جا رہا ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے سرکاری ملازمین کی طرز پر ایمپلائیز کی اپ گریڈیشن کا فیصلہ اپریل 2022ء تک ہوگا۔ پے اینڈ پنشن کمیشن کی سفارش پر ایڈہاک ریلیف اور الاؤنس کو تنخواہوں میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ بتایا جا رہا ہے کہ وفاقی حکومت نے تمام صوبوں کو بھی سرکاری ملازمین کی اسی تناسب سے تنخواہیں بڑھانے کی سفارش کی ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے پاکستانیوں کو خوشخبری سنائی ہے کہ ان کی ایک سال میں آمدنی میں مزید اضافہ ہوگا۔ https://twitter.com/fawadchaudhry/status/1491635474896723968?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1491635474896723968%7Ctwgr%5E%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Furdu.geo.tv%2Flatest%2F277148- سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں فواد چودھری نے کہا کہ صحت کارڈ کے بعد تنخواہوں میں 15 فیصد مزید اضافہ، ایک سال میں آمدنی میں مزید اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی معیشت اپنے پاؤں پر کھڑی ہو رہی ہے۔ عمران خان پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنا رہے ہیں۔ تمام اقدامات اسی منشور کو سامنے رکھ کر کئے جا رہے ہیں۔