قومی اسمبلی کے33حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق جاری

11:03 AM, 10 Feb, 2023

احمد علی
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے33حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کردیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے مطابق پولنگ کے روز اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی ہو گی، جلسوں اور کارنر میٹنگز کے دوران بھی اسلحے کی نمائش اور فائرنگ پر پابندی عائد ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں، پولنگ عملے کو تحفے تحائف دینے پر پابندی ہوگی، بیلٹ پیپرز کو ضائع کرنے پر تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق ارکان پارلیمنٹ،قومی وصوبائی اسمبلی الیکشن مہم میں حصہ لے سکتے ہیں، صدر، وزیراعظم،چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ،اسپیکرو ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی الیکشن مہم میں حصہ نہیں لے سکتے، وفاقی وزراء بھی الیکشن مہم میں حصہ نہیں لے سکتے۔ خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی ) نے قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا تھا ۔ قومی اسمبلی کے 33 حلقوں میں ضمنی انتخابات 16 مارچ کو ہونگے۔
مزیدخبریں