کسی قسم کا سیکورٹی لیپس برداشت نہیں کیا جائے گا، وزیر اعظم

03:55 PM, 10 Feb, 2023

احمد علی
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہریوں کی حفاظت حکومت کی اولین ذمے داری ہے اس سلسلے میں کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور کسی قسم کا سیکورٹی لیپس برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں امن و امان کی مجموعی صورت حال پر آج ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں چاروں صوبوں , اسلام آباد , گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے سیکورٹی کےامور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ , وزیراعظم کے معاونین خصوصی سید طارق فاطمی,جہان زیب خان, چاروں صوبوں , گلگت بلتستان , آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکرٹریز , اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کے چیف کمشنر, چاروں صوبوں , گلگت بلتستان , آزاد جموں و کشمیر اسلام آباد کے آئی جیز پولیس اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت حکومت کی اولین ذمے داری ہے اس سلسلے میں کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور کسی قسم کا سیکورٹی لیپس برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ کو چاروں صوبوں کا دورہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے حوالے سے وفاق اور صوبوں میں رابطوں اور ہم آہنگی مزید بہتر کی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام صوبوں میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹس کی استعداد کار میں بہتری لانے کے لئے مؤثر اقدامات کیے جائیں ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جدید ہتھیاروں اور سامان سے لیس کیا جائے ، انہوں نے تاکید کی کہ اپیکس کمیٹی میں کئے گئے فیصلوں پر بھرپور عمل درامد یقینی بنایا جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک کے بڑے شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹس کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات کے گئے ہیں. اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی سیکرٹری داخلہ نے حال ہی میں چاروں صوبوں کا دورہ کیا تاکہ امن و امان کے حوالے سے صوبوں کو درپیش مسائل اور درکار وسائل کا جائزہ لیا گیا۔
مزیدخبریں