9 مئی کیس میں عمران خان ، شاہ محمود قریشی ، شیخ رشید کی ضمانت منظور

11:39 AM, 10 Feb, 2024

 ویب ڈیسک :  راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی واقعات کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور کرلی جبکہ عدالت نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی واقعات کیس کی سماعت ہوئی، جج ملک اعجاز آصف نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی درخواستوں پر سماعت کی۔

انسداد دہشت گردی خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے ضمانت کا فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور کرلی۔

عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی سانحہ 9 مئی کے 12 مقدمات میں ضمانت منظور کی جبکہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی جی ایچ کیو آرمی میوزیم حملہ کیس میں بھی ضمانت منظور کی گئی۔

عدالت نے عمران خان کو تمام 12 مقدمات میں ایک ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

علاوہ ازیں عدالت نے شاہ محمود قریشی کی بھی 13 مقدمات میں ضمانت منظور کرلی۔

عدالت نے شیخ رشید کو رہا کرنے کا حکم دے دیا
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے کیس میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

  انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے شیخ رشید کے خلاف 9 مئی کو حساس ادارے کے دفتر کے گیٹ پر حملے کے مقدمے کی سماعت کی اور سماعت شروع ہوتے ہی وقفہ کر دیا گیا، وقفے کے بعد دوبارہ سابق وزیر داخلہ کی درخواست ضمانت پر سماعت شروع ہوئی۔

دوربارہ سماعت شروع ہونے کے بعد بھی پراسیکیوشن کی جانب سے عدالت میں کوئی پیش نہیں ہوا، جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا جبکہ شیخ رشید احمد کے وکلاء سردار عبدالرازق خان اور سردار شہباز عدالت میں پیش ہوئے۔

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے وکلاء کی جانب سے ضمانت کی درخواست دی گئی۔

عدالت نے شیخ رشید کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 2 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کردی۔

عدالت نے پولیس کو ضمانتی مچلکے داخل کرانے پر شیخ رشید کو اڈیالہ جیل سے رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اگر شیخ رشید کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں تو انہیں رہا کیا جائے۔

بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت 12 فروری تک ملتوی کر دی۔ یاد رہے کہ شیخ رشید کے خلاف تھانہ نیوٹاؤن میں مقدمہ درج ہے۔

مزیدخبریں