شیخ رشید احمدکا رہائی کے بعد پہلا دبنگ بیان آگیا

02:05 PM, 10 Feb, 2024

(ویب ڈیسک)9 مئی کے پرتشدد واقعات میں ملوث ہونے کے مقدمات میں سابق وزیراعظم عمران خان، پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی اور شیخ رشید کی ضمانتیں منظور کر لی گئی ہیں،  عدالت نے شیخ رشید احمدکو جیل سے رہا کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  شیخ رشید نےرہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خدا گواہ ہے کہ مجھے نہیں معلوم کہ ملک میں کیا ہو رہا ہے،الیکشن کے حوالے سے بھی مجھے کچھ معلوم نہیں ہے، میں ہارا ہوں کیوں کہ میں نے الیکشن کمپئن نہیں کی،مجھے نہیں معلوم کہ باہر کیا ہوا ہے یہ ہو رہا ہے؟

قبل ازیں سنیچر کی صبح شیخ رشید کی ضمانت بھی منظور کی گئی تھی جس کے بعد ان کو رہا کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا، ان پر حساس ادارے کے گیٹ پر حملے کا مقدمہ تھانہ نیو ٹاؤن میں درج ہے اور انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ان کے خلاف کیس چل رہا ہے۔ان کو 16 جنوری مقدمے میں ضمانت خارج ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔

 وہ نو مئی کے واقعات کے بعد ان کے خلاف درج ہونے والے 14 کیسز میں ضمانتوں کے لیے پیش ہوئے تھے، جہاں ان کی نیو ٹاؤن میں درج ایک مقدمے میں ضمانت خارج ہو گئی،درخواست ضمانت پر سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے کی تھی۔
خیال رہے شیخ رشید نے اپنی جماعت عوامی مسلم لیگ کی جانب سے راولپنڈی کے دو حلقوں پر انتخابات میں جیل سے حصہ لیا تاہم وہ دونوں سے جیت نہیں پائے تھے۔
وہ انتخابات سے ایک روز قبل سات فروری کو اڈیالہ جیل کے اندر ووٹ کاسٹ کرنے والے سیاسی رہنماؤں میں شامل تھے، جبکہ بانی تحریک انصاف عمران خان نے بھی اسی روز پوسٹل بیلٹ کے ذریعے اپنا ووٹ ڈالا تھا۔
 
 

مزیدخبریں