الیکشن کمیشن نے اسحاق ڈار کی سینیٹ کی رکنیت بحال کردی

03:36 PM, 10 Jan, 2022

احمد علی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے اسحاق ڈار کی بطور سینیٹر رکنیت بحال کر دی۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے اسحاق ڈار کی بطور سینیٹر رکنیت بحال کر دی، نوٹی فیکیشن جاری کر دیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم پر اسحاق ڈار کی رکنیت بحال کی ہے، اور 29 جون 2018 کو جاری کردہ نوٹیفیکیشن واپس لے لیا۔

جون 2018 سے جنوری 2022 تک اسحاق ڈار کی رکنیت معطل رہی، الیکشن کمیشن کے مطابق اسحاق ڈار کی رکنیت 9 مارچ 2018 سے بحالی کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اسحاق ڈار آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں اشتہاری قرار دیے جا چکے ہیں اور وہ لندن میں مقیم ہیں، بدھ کو اس ریفرنس میں شریک ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ نہیں سنایا جا سکا تھا۔

ریفرنس سے متعلقہ ریکارڈ ہائیکورٹ سے واپس احتساب عدالت پہنچا دیا گیا ہے، اور احتساب عدالت نے ملزمان سعید احمد، نعیم محمود، منصور رضا کی بریت درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے، جج محمد بشیر آئندہ سماعت پر فیصلہ سنائیں گے، جب کہ کیس کی سماعت 19 جنوری کو ہوگی۔

مزیدخبریں