مری کا نام بدلنے کی تجویز؛ نیا نام کیا ہوگا؟
03:43 PM, 10 Jan, 2022
راولپنڈی کی تحصیل مری کو ضلع کا درجہ دینے اور اس کا نیا نام ضلع کوہسار رکھنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مری کو ضلع کوہسار بنانے کے قیام اور کوہسار ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے لیے ہدایات جاری کیں۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ سیاحتی علاقے کے لیے کوہسار ڈویلپمنٹ اتھارٹی قائم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ ضلع کوہسار کی حد بندی کے لیے بورڈ آف ریونیو سے سفارشات طلب کر لی گئی ہیں، کون کون سے علاقے نئے ضلع میں شامل ہوں گے اس حوالے سے تجاویز پر کام جاری ہے، چیف سیکرٹری اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سے سفارشات طلب کی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تجویز کردہ ضلع کوہسار کے علاقے کی حد خیبر پختونخوا تک ہو گی جبکہ راولپنڈی ضلع کی حدود بھی نئے سرے سے طے کی جائے گی۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ حکام کو ارکان اسمبلی سے مشاورت کی ہدایت کر دی ہے، کوہسار ڈویلپمنٹ اتھارٹی تعمیر و ترقی، ریسکیو اور ریلیف کی ذمہ دار ہو گی جبکہ نئے ضلع کو مشینری خریدنے کے لیے خصوصی فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔