ایک منٹ میں 11افراد بھوک سے مر رہے ہیں، رپورٹ
11:23 AM, 10 Jul, 2021
لندن (ویب ڈیسک ) دنیا بھر میں ہر ایک منٹ بھوک سے گیارہ افراد موت کا شکار ہو سکتے ہیں جبکہ کورونا کی وجہ سے ہر ایک منٹ میں زیادہ سے زیادہ 7افراد کی موت ہوئی ہے ٗ بھوک کورونا سے زیادہ خطرناک وبا ہے۔ برطانوی تنظیم آکسفیم کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں پوری دنیا میں بھوک سے ہونے والی تباہ کاریوں کے بارے میں بتایا گیا ہے ٗ یہ تنظیم بھوک سے ہونے والی تباہ کاریوں پر نظر رکھتی ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اس سال کے آخر تک ہر ایک منٹ میں 11افراد بھوک کی وجہ سے موت کا شکار ہو سکتے ہیں۔ برطانوی تنظیم نے پوری دنیا کے امیر ممالک اور عطیہ دہند گان سے مطالبہ کیا ہے کہ بھوک جیسے دنیا کے سب سے خطرناک وائرس سے نمٹنے کیلئے فوری طور پر غذائی امداد کا اعلان کریں، دنیا بھر میں بھوک کی وجہ سے ہونے والی اموات میں چھ گنا اضافہ ہو چکا ہے اور یہ صورتحال مزید خطرناک ہوکر قحط کی شکل بھی اختیار کرسکتی ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ دنیا میں تقریبا 155ملین افراد خوراک کے عدم تحفظ کی حالت میں رہتے ہیں، جبکہ اس میں 20ملین افراد کی اضافہ صرف 2020ء میں ہوا ہے،شدید بھوک کے شکار ممالک میں افغانستان ٗ یمن ٗ جنوبی سوڈان اور شام سرفہرست ہیں۔