خاتون ٹیچر کا قیمتی پلاٹ ہتھیانے والا جعساز گرفتار
01:30 PM, 10 Jul, 2021
ملتان ( پبلک نیوز) گُتھی سلجھ گئی۔ خاتون ٹیچر کا قیمتی پلاٹ ہتھیانے والا جعساز گرفتار، مقدمہ درج۔ تفصیلات کے مطابق خواتین کو کمزور طبقہ سمجھ کر ان کی وراثت اور جائیداد پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف ڈی جی اینٹی کرپشن نے اعلان جنگ کر دیا۔ خاتون استاد عذرا ظفر کا پلاٹ ہتھیانے والا شاطر جعلساز گرفتار کر لیا گیا، ملزم کے خلاف مقدمہ بھی درج ہو گیا۔ ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن ملتان نے حساس اداروں کی مدد سےکیس میں آج اہم پیش رفت کرتے ملزم ظہور احمد کو کہروڑ پکا سے گرفتار کر لیا۔ مکمل انکوائری کے بعد سات افراد کے خلاف پرچہ درج کیا گیا۔ ایس سی او لینڈ ریکارڈ سینٹر ملتان ندیم لودھی اور رجسٹری برانچ کے جونئیر کلرک ندیم چٹھہ بھی پرچے میں نامزد کیے گئے ہیں۔ ملزم حافظ ظہور نے دیگر مفاد کنندگان یونس چٹھہ ،محمد عامر و دیگر کے ساتھ ملکر نادرا سے جعلی شناختی کارڈ بنوایا۔ ملزم نے ارشد علی کے فرضی نام سے جعلی شناختی کارڈ بنوا کر خاتون ٹیچر عذرا ظفر کو ایک کنال قیمتی پلاٹ سے محروم کیا۔ ملزم نے جعلی شناختی کارڈ پر بیع نامہ 2023/1 درج کرو کے خاتون کا قیمتی پلاٹ ہتھیا لیا۔ یاد رہے کہ خاتون استاد کا ملتان آفیسرز کالونی میں ایک کنال کا پلاٹ واقع ہے۔ خاتون استاد نے اپنی ساتھ ہونے والی نا انصافی کے لئے ٹویٹر پر وزیر اعظم پاکستان سے اپیل کی تھی۔ ریٹائرڈ ٹیچر عذرا ظفر کی ٹویٹر پر فریاد سُن کر ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ملتان کو فورا کاروائی کا حکم دیا گیا تھا۔ چھان بین کے بعد خاتون کی مدعیت میں پرچہ درج کر لیا گیا۔ ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ملتان حیدر وٹو نے خاتون ٹیچر سے رابطہ کر کے حقائق معلوم کیے۔ خاتون سے پراپرٹی کی دستاویزات منگوا کر انکوائری شروع کی گئی۔ دستاویزات کی چھان بین اور ملزم ظہور کے اعترافی بیان سے قبضہ مافیا کی جعلسازی واضح ہوگئی۔ قبضہ میں ملوث ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے گی۔