ویب ڈیسک: ملک بھر میں مون سون بارشوں نے دھماکے دار انٹری دیدی، کہیں تیزبارش اور کہیں رم جھم سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں آندھی اور بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا اور بارش سے حبس اور گرمی کی شدت مزید کم ہوگئی ہے،لاہور میں بیدیاں، کماہاں، ڈی ایچ اے، بھٹہ چوک، کینٹ میں بارش ہوئی جبکہ کلمہ چوک، کینال روڈ، لکشمی چوک، ہربنس پورہ میں آندھی کے ساتھ بارش ہوئی۔
اسلام آباد، راولپنڈی، ایبٹ آباد، مالاکنڈ، بٹ گرام اور مظفرآباد میں موسلا دھاربارش سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے جبکہ پشاور، اٹک، صوابی، ہری پور، شانگلہ، اٹک میں بھی بھرپور بادل برسے۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔منگلا میں 11،جہلم میں 8 ، منڈی بہاؤ الدین میں 7 ، چکوال میں 6 ، حافظ آباد میں 6 ، گجرانوالہ میں 5 گجرات میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
شہر میں اس وقت سب سے زیادہ بارش قرطبہ چوک 25ملی لیٹر ریکارڈ کی گی،تاجپورہ 17، اپر مال مخل پورہ 16، پانی والا تالاب 15اور ائیر پورٹ کے اطراف11 ملی لیٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔شہر میں بارش کی پانی کی نقاسی کے لیے تمام محکمہ ہائی الرٹ ہے۔
لاہور میں بارش سےمتعدد فیڈر ٹرپ
لاہور میں بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثر، متعدد فیڈر ٹرپ ہوگئے،فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے،لیسکو فیلڈ سٹاف کی جانب سے بجلی بحالی کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے،بجلی کی بندش سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
لیسکو ترجمان نے کہا ہے کہ لیسکو فیلڈ سٹاف کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ بارش کے باعث بجلی بحالی کے کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے،موسم کی خرابی کے پیش نظر لیسکو انتظامیہ کی معزز صارفین سے تعاون کی اپیل ہے،چیف ایگزیکٹو لیسکو نے تمام سرکل اور ڈویژن میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ڈی سی لاہور رافعہ حیدر
ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کردیا ہے۔اسسٹنٹ کمشنرز ،ایم سی ایل، ایل ڈبلیو ایم سی اور واسا کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایات کردی۔ایم سی ایل کو نان واسا ایریا میں الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کی گئی جبکہ ڈی سی لاہور نے سڑک پر درخت گرنے کی صورت میں ایم سی ایل ٹیموں کو فوری ہٹانے کی ہدایت بھی کردی ہے۔
ڈی سی لاہور نے واسا کیمپس میں عملہ اور مشینری کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایات کی اور ڈی سی لاہور نے واسا ڈسپوزل اسٹیشنز کو فعال رکھنے کی ہدایت کی جبکہ ڈی سی لاہور نے واسا کو نشیبی علاقے اور انڈر پاسز ترجیحی بنیادوں پر کلئیر کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ڈی سی لاہور نے ایل ڈبلیو ایم سی کو صفائی ستھرائی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔
ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہا ہے کہ شہری دیواروں کے پاس اور درختوں کے نیچے سے ہو کر نہ گزریں۔ شہری بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے پاس سے گزرنے سے احتیاط کریں۔
کاہنہ / بارش
کاہنہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس کے بعد متعدد علاقوں سے بجلی غائب ہوگئی اور تیز بارش کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے جبکہ بارش کی وجہ سے گلیاں تالابوں کا منظر پیش کر رہی ہیں اور بارش کی وجہ سے موسم بھی خوشگوار ہو گیا ہے۔
رینالہ خورد/ بارش
رینالہ خورد اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش،موسم خوشگوار ہوگیا اور بارش اور تیز ہواؤں کے باعث حبس اور گرمی کی شدت میں کمی ہوئی ہے جبکہ شہریوں کے گرمی سے مرجھائے چہرےبارش سے کھل اٹھے۔
مریدکے/ بارش
مریدکے اورگردونواح میں تیز ہواوں کیساتھ موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا اور بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ بارش کے باعث شہر سمیت کئی علاقوں کی بجلی معطل ہوگئی ہے۔
حافظ آباد / بارش
حافظ آباد میں زیر تعمیررائس مل کی دیوار گرگئی،دیوار تلے آ کر 5مزدور دب گئے،ریسکیو ٹیم نے مزدوروں کو ریسکیو کر لیا،ایک مزدور کی حالت تشویشناک ٹراما سنٹر منتقل کردیا گیا ہے ۔
سیالکوٹ / بارش
سیالکوٹ اور اس کے گرد و نواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش سے گرمی کی شدت میں کمی اور موسم خوش گوار ہوگیا ہے جبکہ تیز ہوا اور بارش کی وجہ سے بجلی کے متعدد فیڈر ٹرپ کرگئے ہیں۔
فیصل آباد/ بارش
فیصل آباد شہراور گردونواح میں تیز ہوا کے ساتھ بارش ہوئی جس کے بعد بارش کے باعث درجہ حرارت میں کمی ہوئی ہے جبکہ فیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔
منڈی بہاؤالدین/ بارش
منڈی بہاؤالدین اور گردونواح میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا اور ساتھ ہی نشیبی علاقے زیر آب آگئے گلیاں اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی جبکہ کالج چوک کمیٹی بازار ۔جیل روڈ سڑکیں پانی میں ڈوب گئی ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔
منڈی بہاؤالدین میں سکول محلہ۔منشی محلہ،عنائت محلہ گوڑھا محلہ ۔شفقت آباد کی گلیوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ منڈی بہاؤالدین کے محلہ جات میں مناسب صفائی کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے سیوریج سسٹم بند ہو جاتا ہے۔ جبکہ بارش ساتھ ہی بجلی کے متعدد فیڈر ٹرپ کرگئے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔شہری اپنی مدد آپ کے تحت پانی کی نکاسی پر مجبور ہیں۔
منڈی بہاؤالدین کے چیف افیسر میونسپل کمیٹی کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی کا عملہ موقع پر موجود ہیں جلد سڑکوں سے پانی نکال دیا جائے گا۔
راولپنڈی/ بارش
راولپنڈی میں تیز ہواؤں اور بادلوں کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا،راولپنڈی میں کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش جاری ہے جس کے باعث گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا ہے اور آسمان پر گہرے کالے بادل چھا گئے،کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 5 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 5 فٹ تک پہنچ گئی جبکہ سید پور ویلیج میں 34 جبکہ گولڑہ میں 13 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ
جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش جاری ہے۔واساحکام کا کہنا ہے کہ واسا راولپنڈی ہائی الرٹ، رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے،نالہ لئی میں پانی کی سطح مزید بلند ہونے کا خدشہ ہے،سیدپورکے مقام پر 45 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔شمس آباد میں 24 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ نالہ لئی اور اطراف کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے ،نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر 6 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر پانی کے بہاؤ کا 5 فٹ ہے۔ نشیبی علاقوں میں واسا کی ٹیمیں ہیوی مشینری کیے ساتھ موجود ہیں۔
بارش/ضلعی انتظامیہ اسلام آباد
اسلام آباد میں بارش کے بعد مختلف شاہراہوں پر پانی کھڑا ہونے کی صورتحال،ضلعی انتظامیہ کے تمام افسران فیلڈ میں موجود ہیں،ایم سی آئی اور سی ڈی اے ٹیمز کی مدد سے نکاسی آب کا عمل جاری ہے جبکہ سیلابی صورتحال سے بچنے کے لیے مختلف نالوں کی بھی مانیٹرنگ جاری ہے۔
ڈی سی اسلام آباد نے نکاسی آب کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پری مون سون اقدامات کی وجہ سے کسی مقام پر سیلابی صورتحال رپورٹ نہیں ہوئی،نالوں کی صفائیوں کی وجہ سے پانی کا بہاؤ روانی سے جاری ہے، تمام اے سی اور مجسٹریٹس شاہراہوں پر موجود ہیں،شہر بھر میں ٹریفک معمول کے مطابق روانی سے جاری ہے۔
اٹک/ بارش
اٹک اور گردونواح میں تیزطوفان کےساتھ شدید بارش ، بارش سے موسم انتہائی خوش گوار ہوگیا جبکہ حبس اورشدیدگرمی کا خاتمہ ہوگیا ہے۔فضا میں گہرےسیاہ بادلوں کی نقل وحرکت جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اٹک میں آج مزید بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا / موسم صورت حال
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پشاور اور گردونواح میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے اور صوبے میں موسم جزوی ابرآلود رہے گا جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بیشتر اضلاع میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز پارا چنار میں 19،چترال میں1ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔صوبے میں سب سے کم درجہ حرارت مالم جبہ اور کالام میں 14 ، چراٹ میں 16ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔
خیبرپختونخوا میں آج سے بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آسمان پر بادلوں کا راج ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آج سے بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج سے بارش کا امکان ہے، جن میں دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، باجوڑ، مہمند، خیبر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، چارسدہ، ہنگو، کرم، وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان شامل ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاراچنار میں 19 اور چترال میں1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ پیر کے روز تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا، اس لیے تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کردی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جس کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ٹریفک آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
کراچی میں بارش
شہر قائد کراچی میں بھی مون سون بارشوں نے رنگ جما دیا، نیا ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، شارع فیصل پر تیز بارش، سرجانی، گلشن حدید، گلشن معمار، کیماڑی میں بادل جم کر برسے جبکہ کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں ابھی بھی کالی گھٹائیں چھائی ہوئی ہیں اور بادل برسنے کیلئے تیار ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو کراچی میں سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 58 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے باعث منگل کو کراچی میں کئی پروازیں منسوخ کردی گئیں جبکہ 18 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
بارش سے شہر بھر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا، اہم اور مرکزی شاہراہوں پر بارش کا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے رات گئے شہر کا دورہ کیا اور کہا کہ کراچی کی صورتحال بہتر ہے، نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کا کام کر لیا گیا ہے۔
شدید بارشوں کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے 16 جولائی تک تیز بارش کا امکان ہے،آج سے بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں ملک میں داخل ہوں گی، جو بارشوں کا سبب بنیں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پنجاب اور کشمیر میں آج سے 11 جولائی تک تیز بارش کا امکان ہے جبکہ 11 سے 15 جولائی تک خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 12 سے 14 جولائی کے دوران بلوچستان اور سندھ کے اضلاع سکھر، لاڑکانہ اور جیکب آباد مین بارش ہوگی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم آج گرم رہے گا، گزشتہ روز تربت گرم ترین شہر رہا جہاں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
مختلف حادثات
دوسری جانب سرجانی ٹاؤن میں کرنٹ لگنے اور دیوار گرنے سے 2 افراد دم توڑ گئے، گلشن معمار میں تیز ہوا سے سائن بورڈ گر گیا جس کی زد میں آکرایک شخص زخمی ہوا جبکہ بارش کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی۔
کراچی میں شدید بارش کے باعث کے الیکٹرک کے 150سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے، گلشن اقبال، گارڈن، ایف بی آر، ملیر میں بجلی بند رہی جبکہ حیدر آباد، ٹھٹھہ اور تھر پارکر میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی، ننگر پارکر میں آسمانی بجلی گرنے سے خاتون سمیت 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔