ویب ڈیسک: (علی زیدی) انٹرنیشنل ایئرٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن ( آیاٹا) نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ فضائی ٹکٹس پر ٹیکس کو کم کیا جائے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے موجودہ بجٹ میں بین الاقوامی پروازوں پر اکانومی اور اکانومی پلس کلاس میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کو 150 فیصد تک بڑھا دیا ہے۔
پاکستانی وزارت خزانہ کو لکھے گئے ایک خط میں آیاٹا نے مطالبہ کیا ہے کہ فضائی ٹکٹس پر عائد کردہ 150 فیصد ٹیکس کو فی الفور واپس لیا جائے۔ آیاٹا نے واضح کیا ہے کہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیے بغیر ٹیکسز میں اضافہ انٹرنیشنل سول ایوی ایشن کے قواعدوضوابط کیخلاف ہے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹیکسز میں اضافہ فضائی کمپنیوں اور ایجنٹس کے کاروبار پر منفی اثرڈالے گا۔ اس لیے پاکستانی حکومت پر فضائی ٹکٹس پر عائد ٹیکس پر نظرثانی کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ 6 جولائی کو ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان نے ایک بیان میں واضح کیا تھا کہ حکومت کی جانب سے عائد کردہ ٹیکس غیرقانونی ہے اور یہ انڈسٹری پر منفی اثرات ڈالے گا۔