عمران خان سے ایک ایک روپے کاحساب لیں گے

06:45 AM, 10 Jun, 2021

اویس
کراچی ( پبلک نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت نے صرف شرح سود میں ردوبدل کرکے قومی خزانے کو ایک ہزار ارب روپے تک کا نقصان پہنچایا ہے، عمران خان نے مخصوص سرمایہ داروں کے دو ارب ڈالر بیرون ملک سے منگوائے اور شرح سود 13.25 فیصد مقرر کرکے اپنے دوستوں کو فائدہ پہنچا کر پیسے واپس کردئیے-پیپلز پارٹی کے چیئر مین نے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان بتائیں کہ یہ دو ارب ڈالر کن سرمایہ دار دوستوں کے تھے کہ جن کو فائدہ پہنچانے کے لئے قومی خزانے کو 300 ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا، آئی ایم ایف نے شرح سود 12 فیصد تک رکھنے کا کہا تھا اور عمران خان کی حکومت نے اس کو 13.25 فیصد بڑھا کر چند سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچایا-انہوں نے کہا کہ پاکستان انوسٹمنٹ بونڈز کی شرح سود اچانک تبدیل کرکے عمران خان کی حکومت نے چند مخصوص سرمایہ داروں کو 700 ارب روپے تک کا فائدہ پہنچایا، پاکستان انوسٹمنٹ بونڈ کے 700 ارب روپے اور دو ارب ڈالر پر 300 ارب روپے اور مجموعی طور پر ایک ہزار ارب روپے کی عمران خان کی چوری پکڑی گئی ہے-بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی اس میگا کرپشن پر پارلیمانی انکوائری کی جائے، قومی خزانے پر ڈاکہ مارنے والے عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو ملک سے بھاگنے نہیں دیا جائے گا، پاکستان پیپلزپارٹی اس میگا کرپشن اسکینڈل کے ایک ایک روپے کا عمران خان سے حساب لے گی- پی ٹی آئی کا بجٹ عوامی نہیں بلکہ سیاسی ہے، پاکستان پیپلزپارٹی سلیکٹڈ حکومت کے سلیکٹڈ بجٹ کو ماننے سے انکار کرتی ہے-
مزیدخبریں