ویکسینیشن نہ کرانیوالوں کی موبائل سم بلاک کرنیکا حتمی فیصلہ
05:00 PM, 10 Jun, 2021
لاہور (پبلک نیوز) حکومت پنجاب نے کورونا کے تدارک اور ویکسینیشن کے عمل کو تیز کرنے کے لیے اہم فیصلے کر لیے۔ ویکسینیشن نہ کروانے والے افراد کا موبائل سم کارڈ بلاک کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا۔12جون سے پنجاب بھرمیں 18سال عمر سے زائد افراد کی واک اِن ویکسینیشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پنجاب کے اہم مزارات کے باہر موبائل ویکسینیشن کیمپ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا۔20فیصد آبادی کی ویکسینیشن کروانے والے تمام اضلاع میں مکمل کاروبار کھول دئیے جائیں گے۔ محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیر عوام کی سہولت کی خاطرنوٹیفیکیشن بھی جاری کرے گا۔فیصلے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی زیرصدارت کوروناکی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کے دوران کیے گئے۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،ڈی جی پی آر،محکمہ صحت کے سیکرٹریز اور اعلی سول وعسکری قیادت نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران کوروناکے پھیلاؤ کوروکنے،ویکیسنیشن سنٹرزکی تعدادکوبڑھانے،سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات میں اضافہ ودیگراقدامات کا جائزہ لیاگیا۔ سیکرٹریز صحت سارہ اسلم اور برسٹر نبیل اعوان نے وزیر صحت اور چیف سیکرٹری کو صوبہ بھرمیں کورونا کے تدارک کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ صوبہ بھرمیں کورونا کے کیسز اور اموات میں واضح کمی پر سیکرٹریز صحت کو سراہا گیا۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ صوبہ بھرمیں کوروناکے تشویشناک مریضوں ں کی تعدادمیں واضح کمی واقع ہوئی ہے۔ وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارکی قیادت میں حکومت کوروناکے تدارک کے لیے تمام تروسائل بروئے کارلارہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کوروناکے مثبت کیسزمیں واضح کمی کا کریڈٹ انتظامیہ کوجاتاہے۔ پنجاب کے677ویکسینیشن سنٹرزکے ذریعہ زیادہ سے زیادہ افرادکی ویکسینیشن کو یقینی بنارہے ہیں۔ ہفتہ سے18سال عمرسے زائد افراد کی واک اِن ویکسینیشن کا آغازکیاجارہاہے۔انھوں نے کہا کہ اب عوام ویکسینیشن سنٹرزپر بغیر پن کوڈ صرف شناختی کارڈ کے ساتھ آکرویکسین لگواسکیں گے۔ عوام ویکسینیشن سے متعلق کسی قسم کی رائے دینے یاشکایت کرنے کیلئے مفت ہیلپ لائن نمبر1033پررابطہ کرسکتے ہیں۔وزیر صحت کا کہنا تھا کہ تمام اضلاع ویکسینشین کا ہدف جلدمکمل کریں۔ ویکسینیشن کروانے والے افرادکی سینیماء ہالز،ریسٹورنٹس اور شادیوں میں جانے کی اجازت ہوگی۔ کینسر اور ایڈزجیسی مہلک بیماری میں مبتلا افرادکو ترجیحی بنیادوں پر ویکسین لگائی جائیگی۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ ویکسینیشن سنٹرزپر عوام کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ 20فیصدآبادی کی ویکسینشین والے اضلاع میں ماسک کی پابندی کے ساتھ کاروبار مکمل کھول دئیے جائیں گے۔ پنجاب میں ویکسینشین کے عمل کوبھرپورکامیاب بنایاجائے گا۔