چودھری شجاعت کو ن لیگ سے کچھ نہیں ملنا:پرویزالٰہی

08:15 AM, 10 Jun, 2022

احمد علی
سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کھل کر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ چودھری شجاعت کو مسلم لیگ ن اور میاں شہباز شریف سے کچھ نہیں ملنا، ایسا نہیں ہو سکتا کہ کوئی اپنی مرضی کے مطابق فیصلے شروع کردے۔ یہ بات انہوں نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں کہی۔ چودھری پرویز الٰہی نے اپنے دل کی بھڑاس نکالتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ چودھری شجاعت کے بیٹے چودھری شافع کو وزیراعظم شہباز شریف نے جھوٹی امیدیں دلائی ہیں کہ میں تمہیں اپنا مشیر بنا دوں گا لیکن ان کو کچھ نہیں ملنا۔ چودھری پرویز الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ جہاں تک چودھری سالک حسین کی بات ہے تو اس کو میں نے ہی چکوال کے حلقہ سے جتوایا تھا۔ آج علاقے کی عوام ان کو ڈھونڈتی پھر رہی ہے لیکن وہ غائب ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تاہم میں یہ بات واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ کوئی کئی نہیں جا رہا۔ ہم ہرگز کسی اور جماعت میں شمولیت اختیار نہیں کریں گے۔ لیکن یہ بھی نہیں ہو سکتا کہ کوئی فرد واحد اپنی مرضی کے مطابق فیصلے کرنا شروع کردے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ میری اس اہم مسئلے پر چودھری شجاعت سے گفتگو ہوئی ہے۔ انہوں نے مجھے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ نامناسب فیصلہ نہیں کرینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم متحد ہیں اور آپسی صلاح مشورے سے ہی تمام معاملات کو حل کرینگے۔ انہوں نے موجودہ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کے پلے کچھ نہیں ہے۔ یہ جو مرضی کر لیں، ان کی سیاست ہمارے گرد ہی گھومتی ہے۔ سابق صدر آصف زرداری نے شہباز شریف کو لاوارث کر دیا ہے۔
مزیدخبریں