نیا بجٹ ملک میں معاشی استحکام لائے گا، وزیراطلاعات

03:31 PM, 10 Jun, 2022

احمد علی
وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نیا بجٹ ملک میں معاشی استحکام لائے گا مریم اورنگزیب نے منصوبہ بندی کے وزیر احسن اقبال کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ زرعی شعبے کی ترقی کے لئے زرعی مشینری پر ٹیکسوں کو کم کر کے صفر کر دیا گیا ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ بجٹ میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے خصوصی اقدامات تجویز کئے گئے ہیں اور آئی ایم ایف کی سخت شرائط کے باوجود تنخواہ دار طبقے کو بھی ریلیف دیا گیا ہے۔ اس موقع پر منصوبہ بندی کے وزیر احسن اقبال نے کہا کہ نئے بجٹ سے مفروضوں پر مبنی معیشت کو عملی پیداواری معیشت میں تبدیل کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں دوسوپچاس کھیلوں کے چھوٹے سٹیڈیم تعمیر کئے جائینگے جن کے لئے وفاقی حکومت پچاس فیصد فنڈز فراہم کرے گی۔اس کے علاوہ ملک بھر میں فنی تعلیم کے دوسو پچاس ادارے قائم کئے جائینگے جن کے نصف اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔ احسن اقبال نے کہا کہ نیا کاروبار شروع کرنے کیلئے نو ارب روپے کا فنڈ قائم کیا جائیگا۔نوجوانوں کی ڈیجیٹل خودمختاری کے لئے یونیورسٹیوں کے طلباء کو آسان اقساط پر قرض فراہم کئے جائینگے تاکہ وہ لیپ ٹاپ خرید سکیں۔
مزیدخبریں