وزیراعظم کی شہید کیپٹن فرازالیاس کی نمازجنازہ میں شرکت،میت کو کندھا بھی دیا

10:15 AM, 10 Jun, 2024

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نےچونیاں میں شہید کیپٹن فراز الیاس کی نماز جنازہ  میں شرکت کی ہے۔ وزیراعظم نے شہید کے جنازہ کو کندھا بھی دیا۔ نمازجنازہ میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سمیت عسکری حکام,آئی جی پنجاب اور وزیراطلاعات عطاء تارڑ نے بھی شرکت کی۔ 

وزیراعظم نے شہیدوں کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا اور اپنے بیان میں کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

دریں اثناء لکی مروت میں بارودی سرنگ دھماکے کے شہداء کی نمازجنازہ بنوں میں ادا کردی گئی۔

پاک فوج کے کیپٹن محمد فراز الیاس، صوبیدار میجر محمد نذیر اور لانس نائیک محمد انور کی نمازجنازہ ادا کی گئی۔

نمازجنازہ میں کور کمانڈرپشاور، حاضرسروس افسران، جوانوں اور عوام نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہداء کے جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کر دیے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہداء کو آبائی علاقوں میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی آئی ای ڈی سے ٹکرا گئی تھی، جس کے نتیجے کیپٹن سمیت پاک فوج 7 جوان شہید ہوگئے تھے۔

مزیدخبریں