قومی اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں،سنگین بےضابطگیوں پر ایاز صادق کابڑا ایکشن

12:49 PM, 10 Jun, 2024

ویب ڈیسک: قومی اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں اور سنگین بے ضابطگیوں پر سپیکر ایاز صادق کا بڑا ایکشن، سپیشل سیکرٹری چودھری مبارک کو ملازمت سے برطرف کر دیاگیا۔

 تفصیلات کے مطابق اسمبلی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل سیکرٹری یاسین سلیمی معطل، چارج شیٹ کر دیا گیا جبکہ یاسین سلیمی نے بغیر کسی ٹریننگ اور ضابطے پورے کیے بغیر ترقی حاصل کی تھیں،غیر قانونی طور پر مستقل کیے جانے والے 17 افسران کو دوبارہ کنٹریکٹ پر کر دیا گیا اور ان افسران کے گریڈ کی تنزلی بھی کر دی گئی۔

مینجر بھرتی کیے جانے والے بعض افسران کی تنزلی کر کے انھیں  دپٹی منیجر بنا دیا گیا اور سابق سپیکر راجہ پرویز اشرف کے قریبی عزیز کی مستقل ملازمت بھی کنٹریکٹ میں تبدیل کردی گئی جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری یاسین سلیمی کے پی ایس سمیع کی بھی تنزلی کر دی گئی ہے۔

 کئی ملازمین کو بغیر دستاویزات اور تعلیمی اسناد کے بھرتی کیا گیا،صرف ان کی فائلز میں آفر لیٹر لگے ہوئے ہیں،سپیکر کا کوئی بھی دباؤ قبول کرنے سے انکار ،کئی افسران و ملازمین کو 6 ماہ بعد ہی کنٹریکٹ سے مستقل کیا گیا تھا۔

سپیکر نے ترقیوں کے عمل میں متاثرہ ملازمین کےلیے شکایات سیل بھی بنا دیا،متاثرہ ملازمین کو سیل میں شکایات کے اندراج کا حکم دیدیا گیا۔

ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ سپیکر نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا ہے۔

مزیدخبریں