ویب ڈیسک: دنیا کے مقبول ترین ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کے ویب ورژن کے ڈیزائن کو تبدیل کرنے کا فیصلہ ہو گیا ہے۔
جی ہاں اگر آپ کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ پر یوٹیوب دیکھنے کے عادی ہیں تو بہت جلد اس میں نمایاں تبدیلی محسوس کریں گے۔
گوگل کی زیر ملکیت ویڈیو شیئرنگ سروس کے ویب ورژن کو ری ڈیزائن کیا جا رہا ہے۔
درحقیقت یوٹیوب کی جانب سے نئے ڈیزائن کو متعارف کرانے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
یہ نیا ڈیزائن ابھی یوٹیوب پریمئم کے محدود صارفین کو دستیاب ہے۔
اس نئے ڈیزائن کی آزمائش اپریل 2024 میں شروع ہوئی تھی اور صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا تھا جس کے بعد کمپنی کی جانب سے اس میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
نئے یوزر انٹرفیس میں ویڈیو دیکھنے کے تجربے اور مواد کی دریافت کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔
ابھی نئے ڈیزائن کے بارے میں مکمل تفصیلات تو سامنے نہیں آئیں مگر ویڈیو ٹائٹل، اپ لوڈر انفارمیشن، کمنٹس اور ریکومینڈڈ جیسے شعبوں کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔
بظاہر یہ ڈیزائن کافی حد تک یوٹیوب کی ٹی وی ایپ سے ملتا جلتا محسوس ہوگا۔
کمپنی کی جانب سے محدود صارفین کے فیڈ بیک کو مدنظر رکھ کر اس ڈیزائن میں مزید تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں جس کے بعد اسے بڑے پیمانے پر متعارف کرایا جائے گا۔
اس نئے ڈیزائن کی آزمائش یکم جولائی تک ہوگی جس کے بعد اگست تک ممکنہ طور پر اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جا سکتا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس نئے ڈیزائن سے یوٹیوب کے ویب ورژن پر ویڈیوز دیکھنے کا تجربہ بہتر ہوگا۔
اس نئے ڈیزائن میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی فیچرز بھی موجود ہوں گے جن میں سے ایک فیچر کے تحت صارفین دیکھی جانے والی ویڈیوز کے بارے میں سوالات پوچھ سکیں گے۔
اس سے قبل مارچ میں یوٹیوب کی جانب سے ٹی وی ایپ کو ری ڈیزائن کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
کمپنی کے مطابق آئندہ چند ہفتوں میں یوٹیوب ٹی وی ایپ کو ری ڈیزائن کرکے متعارف کرایا جائے گا۔
اس حوالے سے زیادہ تفصیلات تو نہیں بتائی گئیں مگر کمپنی کے مطابق نئے ڈیزائن سے صارفین کے لیے متعدد نئے تجربات کا دروازہ کھل جائے گا۔
نئی یوٹیوب ٹی وی ایپ میں شاپنگ کا عمل زیادہ آسان کیا جائے گا جبکہ ویڈیو ڈسکرپشن اور کمنٹس تک رسائی کو بھی آسان بنایا جائے گا۔
جب ڈسکرپشن اور کمنٹ فیڈ کو سلیکٹ کیا جائے گا تو ویڈیو کا حجم گھٹ جائے گا۔