ایپل نے نیا آئی فون متعارف کرا دیا
05:15 AM, 10 Mar, 2022
کیلی فورنیا: (ویب ڈیسک) امریکا کی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے مختلف مصنوعات متعارف کرائی ہیں جن میں آئی فون، آئی پیڈ، نیا پراسیسر، میک سٹوڈیو، مانیٹر اور پرانے آئی فون 13 پرو کا نیا رنگ بھی شامل ہے۔ وائس آف امریکا کے مطابق ایپل ایونٹ کی خاص بات متعارف کرایا جانے والا نیا پراسیسیر یعنی نئی چپ تھی جسے ایپل ایم ون الٹرا کا نام دیا گیا ہے۔ ایپل کے بقول پرسنل کمپیوٹر کے لیے دنیا کی سب سے زیادہ طاقت ور چپ ہے۔ اسی طرح ایپل نے اپنا نیا آئی فون 'ایس ای' بھی لانچ کیا ہے جس کی کارکردگی کو ماضی کے مقابلے میں زیادہ بہتر بنایا گیا ہے البتہ اس مرتبہ اس کی قیمت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ آئی فون ایس ای ویسے تو ٹیکنالوجی کمپنی ایپل اپنا نیا آئی فون ستمبر میں لانچ کرتی ہے لیکن وہ کبھی کچھ خاص ایڈیشن بھی متعارف کراتی ہے جیسا کہ آئی فون ایس ای یعنی آئی فون اسپیشل ایڈیشن۔ سال 2022 کے آئی فون ایس ای کی خاص بات اس میں لگایا گیا چپ سیٹ اور فائیو جی کو نیکٹیوٹی ہے۔ آئی فون ایس ای میں ایپل کی اے 15 بائیونک چپ کا استعمال کیا گیا ہے یہ وہی چپ ہے جو آئی فون 13 سیریز میں متعارف کرائی گئی تھی۔ نئے آئی فون ایس ای میں کیمرے کو بھی بہتر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ فائیو جی ٹیکنالوجی سے صارفین کو مزید بہتر کو نیکٹوٹی میسر آئے گی۔ آئی فون ایس ای کا اسکرین سائز 4.7 انچ ہی رکھا گیا ہے جس کا ایک خاص مقصد چھوٹی اسکرین کے خواہش مند افراد کو ان کا مطلوبہ فون فراہم کرنا ہے۔ نئے آئی فون میں جہاں مختلف چیزوں کو اپ گریڈ کیا گیا ہے وہیں اس بار ایپل نے اس کی قیمت کو بھی بڑھایا ہے۔ نئے ماڈل کی قیمت کا آغاز گزشتہ برسوں کے 399 ڈالر کے مقابلے میں 429 ڈالر سے ہو رہا ہے اور یہ 18 مارچ سے صارفین کو دستیاب ہوں گے۔ آئی فون ایس ای 64 جی بی، 128 جی بی اور 256 جی بی کے ویریئنٹس میں دستیاب ہو گا۔ آئی پیڈ ایئر ایپل نے منگل کو اپنا نیا آئی پیڈ ایئر بھی متعارف کرایا ہے جس میں اس مرتبہ ایپل کی اپنی تیار کردہ ایم ون چپ لگائی گئی ہے۔ ایپل کا دعویٰ ہے کہ یہ اس کا طاقت ور ترین آئی پیڈ ایئر ہے جس میں نیا الٹرا وائیڈ فرنٹ کیمرا بھی دیا گیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ نیا کیمرا زیادہ بہتر ویڈیو کانفرنسنگ کا تجربہ فراہم کرتا ہے۔ اسی طرح آئی پیڈ ایئر کے سیلولر ماڈلز میں تیز فائیو جی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ آئی پیڈ ایئر کی قیمت گزشتہ ماڈل کی طرح ہی رکھی گئی ہے اور یہ صارفین کو 599 ڈالر قیمت میں 18 مارچ سے دستیاب ہوں گے۔ میک سٹوڈیو اور اسٹوڈیو ڈسپلے ایپل نے اپنے ایونٹ میں میک اسٹوڈیو اور اسٹوڈیو ڈسپلے بھی متعارف کرایا ہے جو میک ڈیسک ٹاپ لائن اپ میں اس کی نئی انٹری ہے۔ پرسنل کمپیوٹر میں متعارف کرائے گئے اس نئے میک اسٹوڈیو کو ایپل کے ایم ون میکس چپ اور نئی طاقت ور ترین چپ ایم ون الٹرا سے لیس کیا گیا ہے۔ ایپل کا دعویٰ ہے کہ ایم ون الٹرا پرسنل کمپیوٹر کے لیے دنیا کی سب سے طاقت ور ترین چپ ہے۔ ایم ون میکس کے مقابلے میں ایم ون الٹرا دو گنا طاقت ور ہے۔ اس میں 20 کور سی پی یو، 64 کور تک جی پی یو اور 128 جی بی تک ریم کی سپورٹ شامل ہے جب کہ اس کی میموری بینڈ ودتھ 800 جی بی تک ہے۔ ایم ون میکس والے میک اسٹوڈیو کی قیمت 1999 ڈالر سے شروع ہوتی ہے جب کہ ایم ون الٹرا کی قیمت 3999 ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔ اسی طرح ایپل کے نئے مانیٹر اسٹوڈیو ڈسپلے کو بھی طاقت ور ترین چپ سیٹ کو دیکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ ایپل کا یہ نیا 27 انچ مانیٹر ’فائیو-کے‘ کے ڈسپلے کو سپورٹ کرتا ہے جب کہ اس میں فرنٹ پر 12 میگا پکسل کا الٹرا وائیڈ کیمرا بھی لگایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ نئے اسٹوڈیو ڈسپلے میں چھ اسپیکر بھی دیے گئے ہیں۔ کمپنی کے مطابق0 میک اسٹوڈیو اور اسٹوڈیو ڈسپلے ایک ساتھ کسی بھی کام کی جگہ کو ایک تخلیقی پاور ہاؤس (کری ایٹو پاور ہاؤس) میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس ڈسپلے کے اسٹینڈرڈ گلاس والے ویئرنٹ کی قیمت 1599 ڈالر جب کہ نینو ٹیکسچر گلاس والے ماڈل کی قیمت 1899 ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔ آئی فون 13 پرو اور پرو میکس نئے رنگ میں ایپل نے اپنے آئی فون 13 کے دو ماڈل کا نیا رنگ بھی منگل کو متعارف کرایا ہے۔ اس نئے رنگ کو الپائن گرین کا نام دیا گیا ہے جو آئی فون 13 پرو اور 13 پرو میکس میں دستیاب ہوگا۔