فرح خان کے خلاف تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا
03:49 PM, 10 Mar, 2023
لاہور: سابق خاتون اول بشری بی بی کی قریبی دوست فرح خان کے خلاف تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا۔ فرح خان کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں، منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات جاری ہیں، پنجاب بھر سے فرح خان کے نام جائیدادوں کا ریکارڈ طلب کر لیا گیا، جائیدادوں کا سراغ لگانے کیلئے نيب نے صوبہ بھر کی ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو مراسلہ جاری کردیا ہے۔ نیب لاہور نے رہائشی ، کمرشل ،خریدوفروخت کی جانے والی پراپرٹیز کا ریکارڈ طلب کر لیا،نیب نے تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو 17 مارچ تک ریکارڈ جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز ایف آئی اے نے فرح خان کے وارنٹ گرفتاری وصول کرادیئے تھے۔ فرح خان کے خلاف جاری منی لانڈرنگ کی تحقیقات میں بڑی پیشرفت ہوئی تھی،ایف آئی اے کی ٹیم عدالت سے جاری کیے گئے وارنٹ گرفتاری لے کر فرح خان کی رہائش گاہ واقع ڈیفنس لاہور پہنچی ۔ فرح خان کے ملازم نے وارنٹ گرفتاری وصول کیے۔ عدالت نے فرح گوگی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منی لانڈرنگ مقدمہ میں شامل تفتیش نہ ہونے کی بنیاد پر جاری کیے تھے۔