میٹا کا ٹوئٹر کے مقابلے پر ایک نئی سوشل میڈیا ایپ لانے کا فیصلہ

04:26 PM, 10 Mar, 2023

احمد علی
میٹا کی جانب سے سے ٹوئٹر کے مقابلے پر ایک نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی ملکیت رکھنے والی کمپنی میٹا کی جانب سے ایک ایپ تیار کی جا رہی ہے جس پر صارفین ٹوئٹس جیسی تحریری اپ ڈیٹس کر سکیں گے۔اس ایپلی کیشن کو اس وقت پی 92 کا نام دیا گیا ہے اور یہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔ میٹا نے تصدیق کی ہے کہ وہ ایک ڈی سینٹرلائز سوشل نیٹ ورک پر کام کر رہی ہے۔ میٹا ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم ٹیکسٹ اپ ڈیٹس شیئر کرنے والے سوشل نیٹ ورک پر کام کر رہے ہیں، ہمارا ماننا ہے کہ ایک ایسی ایپ کے لیے جگہ موجود ہے جہاں تخلیق کار اور معروف شخصیات اپنی دلچسپیوں کے بارے میں اپ ڈیٹس شیئر کر سکیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی 92 کے لیے انسٹاگرام برانڈ کو استعمال کیا جائے گا اور صارفین اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس کے ذریعے اس پر لاگ ان ہو سکیں گے۔صارفین اس نئی ایپ میں انسٹاگرام سے لاگ ان ہونگے تو انسٹا گرام پروفائل کی تفصیلات نظر آئیں گی۔ رپورٹ کے مطابق چونکہ یہ ڈی سینٹرلائز ایپ ہوگی تو صارفین اپنے سرورز اور مواد کی جانچ پڑتال کے لیے اپنے اصولوں کو تشکیل دے سکیں گے۔ صارفین اپنی پوسٹس کو دیگر سرورز پر بھی براڈ کاسٹ کر سکیں گے، مگر ابھی یہ واضح نہیں کہ وہ ایک دوسرے کو فالو کر سکیں گے یا نہیں اور صارفین پوسٹس کو ٹوئٹر کی طرح ری شیئر کرسکیں گے یا نہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ابھی ایپ کو متعارف کرانے کی تاریخ بھی سامنے نہیں آئی۔
مزیدخبریں