(ویب ڈیسک ) انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف پاکستان تحریک انصاف لاہور اور اسلام آباد میں احتجاج کر رہی ہے، دوران احتجاج پولیس نے پی ٹی آئی کے متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے لاہور کے جی پی او چوک میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کو روکنے کیلئے لاہور پولیس نے کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کردیں ۔ پی ٹی آئی رہنما علی اعجاز بٹر کی قیادت میں تحریک انصاف کی ریلی مال روڈ پر پہنچی تھی۔
پولیس کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے حافظ فرحت عباس کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔حافظ فرحت عباس کا کہنا ہے کہ مینڈیٹ چور وزیراعلی نے گرفتاری کروائی ہے۔
ادھر وفاقی دارالحکومت میں پولیس نے کورال پل کی جانب آنیوالے پی ٹی آئی کارکنان کو کھنہ جانے سے روک دیا ہے۔ پی ٹی آئی کارکنان وفاقی پولیس سے گرفتاری کے ڈر سے پرانے ائیرپورٹ کی جانب گاڑی پر نکلے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق پرانے ائیرپورٹ روڈ پرپولیس ناکہ پر بعض کارکنا ن بھاگ گئے جبکہ متعدد کوراولپنڈی پولیس نے حراست میں لے لیا۔
اس حوالے سے پولیس نے بیان میں کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے ، غیر قانونی اجتماع کی صورت میں قانونی اقدامات کیے جائیں گئے۔
فیصل آباد میں بھی پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر احتجاج کیا جا رہا ہے، کارکنوں نے چوک گھنٹہ میں نعرے بازی کی اور ٹریفک بلاک کردی ۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ عوامی مینڈیٹ چرانے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی، انتخابات میں ہونیوالی بد عنوانیوں کی جامع تحقیقات ہونی چاہئیں عوام نے پی ٹی آئی کے نامزد امیدواروں کو بھاری اکریت سے جتایا، موجودہ حکومت عوام کے مینڈیٹ سے ایوانوں تک نہیں پہنچی۔