کہاں ہے مہنگائی ’کوئی بتلاؤ کہ ہم بتلائیں کیا‘

03:55 PM, 10 May, 2021

شازیہ بشیر

لاہور ( پبلک نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کی کاوشوں سے پہلی مرتبہ رمضان المبارک میں مہنگائی میں کمی واقع ہوئی اور مہنگائی کا گراف روز بروز کم ہو رہا ہے۔

ان کا مہنگائی کے حوالے سے کہنا ہے کہ رمضان سہولت بازاروں میں 2018 کی قیمتوں پر ضروری اشیائے خورونوش فراہم کی گئیں۔ عید کے بعد یہ بازار سہولت بازار کا روپ دھار لیں گے جہاں پی ٹی آئی حکومت سستی اشیاء کی فراہمی کا مشن جاری رکھے گی۔

اپنی حکومتی کارکردگی بارے انھوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ماہ صیام میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے 7 ارب روپے کا رمضان پیکیج دیا۔ معیاری اشیاء کی سستے داموں فراہمی کیلئے صوبہ بھر میں 313رمضان بازار قائم کیے گئے۔ رمضان بازاروں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 375 روپے میں فراہم کیا جاتا رہا۔

حکومت پنجاب نے سستے آٹے کی فراہمی پر 3ارب 70 کروڑ روپے کی سبسڈی دی۔ آٹے کے فی تھیلے پر صارف کو 150 روپے کی سبسڈی ملی۔ رمضان بازاروں میں چینی 65 روپے فی کلو جبکہ عام مارکیٹ میں 85 روپے فی کلو فراہمی یقینی بنائی گئی۔ رمضان بازاروں میں سبزیاں،پھل،دالیں، بیسن اور دیگر اشیاء 2018 ء کے نرخوں پر دستیاب رہے۔

3 سال پرانے نرخوں پر اشیاء خورد نوش کی فروخت پی ٹی آئی حکومت کا غریب دوست اور مستحسن اقدام ہے۔ رمضان بازاروں میں صارفین کو خریداری کے لئے بہترین سہولتیں فراہم کی گئی جہاں مسائل کی نشاندہی ہوئی انتظامیہ نے فوری ایکشن لیا۔ کورونا سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر کا مکمل خیال رکھا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پنجاب حکومت عام آدمی کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے کوشاں ہے۔

صوبہ بھر میں قائم رمضان بازاروں میں اب تک 10 کلو آٹے کے 89 لاکھ 42ہزار 713 تھیلے فراہم کیے گئے ہیں۔جن میں سے375 روپے فی تھیلہ کے حساب سے 76لاکھ 66 ہزار 973 تھیلے فروخت ہو چکے ہیں۔ 9مئی کو رمضان بازاروں میں 3 لا کھ 53 ہزار55 تھیلے فراہم کیے گئے جن میں سے 3 لاکھ 38 ہزار 507 آٹے کے تھیلے فروخت ہوئے۔

شوگر ملوں سے اب تک 2 کروڑ 99 لاکھ 56 ہزار 681 کلو گرام چینی اُٹھائی گئی جس میں سے 2 کروڑ 15 لاکھ 44 ہزار 783 کلو گرام چینی فروخت ہوئی۔ 9 مئی کو شوگر ملوں سے 7لاکھ 72 ہزار 325 کلو گرام چینی اُٹھائی گئی اور رمضان بازاروں میں 12 لاکھ 82 ہزار 262کلو گرام چینی 65روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہوئی۔

رمضان المبار ک کے دوران اشیاء ضروریہ کی طلب و رسد قیمتوں اور معیار کی مانیٹرنگ کے لیے 1201 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ اِن مجسٹریٹس نے 9 مئی کو 8 ہزار 896 انسپکشنز کیں۔1061 اوور چارجنگ، ذخیرہ اندوزی اور دیگر خلاف ورزیاں سامنے آئیں جن پر 45مقدمات درج ہوئے اور29 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

خلاف ورزیوں پر 16 لاکھ 41 ہزار200 روپے جرمانہ عائد کیاگیا۔ ضلع ملتان میں خلاف ورزیوں پر سب سے زیادہ ایک لاکھ76 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیاگیا جبکہ ضلع ننکانہ صاحب اور ضلع لیہ میں کوئی جرمانہ عائد نہیں کیا گیا۔

مزیدخبریں