متعدد پاکستانی ویب سائٹس پر سائبر حملے

03:05 PM, 10 May, 2022

احمد علی
اسلام آباد: پاکستان کی متعدد ویب سائٹس پر سائبر حملے ہوئے ہیں، وزارت آئی ٹی اور این ٹی سی کے سسٹم پر سائبر حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی متعدد ویب سائٹس پر سائبر حملے ہوئے ہیں، اس حوالے سے وزارت آئی ٹی حکام نے بتایا ہے کہ سرکاری اور پرائیویٹ ویب سائٹس پرحملہ ہوا، ڈی ڈاس اٹیک کے ذریعے انٹرنیٹ ٹریفک چوک کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزرات آئی ٹی نے تمام متعلقہ اداروں سے تفصیلات طلب کر لی ہیں اس کے علاوہ سیکرٹری آئی ٹی نے سائبر حملوں سے متعلق کل اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔ وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے بتا یا ہے کہ سائبر حملہ آج صبح ساڑھے 11 بجے کیا گیا، این ٹی سی کے سرورز پر کئی محکموں کی ویب سائٹس ہیں، تاہم سائبر سیکیورٹی کے جامع نظام کی وجہ سے حملہ ناکام ہوگیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سائبر حملہ ڈیٹا سینٹر پر نہیں بلکہ نیٹ ورکنگ سائیڈ پر ہوا،اس حملے کے نتیجے میں کچھ محکموں کی ویب سائٹس ازخود معطل ہوئیں تاہم تمام ویب سائٹس کو تین گھنٹے کےمختصر ترین وقت میں فعال کردیا گیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ دور حکومت میں بھی وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے خبردار کردیا تھا کہ پاکستانی ادارے، بینکس اور اہم کمپنیاں سائبر حملہ آوروں کے نشانے پر ہیں، نیشنل بنک سمیت کئی اداروں کو فروری میں سائبر سیکیورٹی سے متعلق خط لکھا لیکن ہماری تجاویز پر عمل نہیں کیا گیا۔
مزیدخبریں