پارلیمان کا مشترکہ اجلاس مؤخر، حکومت نے بزدلی کی، پی پی
02:30 PM, 10 Nov, 2021
پیپلزپارٹی نے پارلیمان کے مشترکہ اجلاس کے مؤخر کرنے کو حکومت کی بزدلی قرار دے دیا. کراچی ( پبلک نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی نے پارلیمان کے مشترکہ اجلاس کے مؤخر کرنے کو حکومت کی بزدلی قرار دے دیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے بھاگنے پر حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیشگی اپنی شکست دیکھ کر حکومت نے پارلیمان کا مشترکہ اجلاس مؤخر کرکے راہِ فرار اختیار کرلی۔ شازیہ مری کا کہنا تھا کہ پارلیمان میں دو مرتبہ عددی اعتبار سے شکست کے بعد حکومت کا پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے بھاگنا بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ وزیراعظم پارلیمان میں اپنی اہمیت کھوچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اراکین تک کی مکمل حمایت عمران خان کو دستیاب نہیں۔ پی ٹی آئی کے اراکین پارلیمان خود حکومت سے بیزار ہوچکے ہیں، اب عمران خان کا چل چلاؤ ہے۔ عمران خان نہ عوام کا سامنا کرسکتے ہیں اور نہ پارلیمان میں عوامی نمائندوں کا۔