'خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کیطرف سے اٹھائے گئے اقدامات کا اثر پورے ملک کے لوگوں پر ہو گا'

08:01 PM, 10 Oct, 2023

احمد علی
اسلام آباد: نگران وزیر اعظم نے کہا کہ بلوچستان کے امن اور ترقی کو یقینی بنانے کے لیے صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی ناگزیر ہے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کا اثر پورے ملک کے لوگوں پر ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے آج کوئٹہ میں بلوچستان ایپکس کمیٹی کے 14ویں اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں نظرثانی شدہ نیشنل ایکشن پلان، قانون نافذ کرنے کے لئےاقدامات اور بلوچستان میں اسمگلنگ اور منشیات کے سد باب کے لیے جاری آپریشنز کی پیشرفت پر بریفنگز شامل تھیں۔ اجلاس میں سی پیک کے تحت جاری پراجیکٹس اور پرائیویٹ پراجیکٹس پر کام کرنے والے غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی کے انتظامات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی اور دیگر شعبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں فارن کرنسی ریگولرائزیشن کے حوالے سے لیے گئے اقدامات اور بلوچستان میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کےلیے اقدامات کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے بلوچستان حکومت کی جانب سے مختلف شعبوں میں پیش رفت پر اعتماد کا اظہار کیا اور وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بلوچستان کے امن اور ترقی کو یقینی بنانے کے لیے صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی ناگزیر ہے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کا اثر پورے ملک کے لوگوں پر ہو گا، بلوچستان معدنیات سے مالا مال ہے اور اس شعبے میں ترقی سے علاقے کے لوگوں کے لیے معاشی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیراعظم نے زراعت اور آئی ٹی میں سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر اعظم نے ترقیاتی اقدامات کے سود مند اثرات کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس کے شرکاء نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ریاستی ادارے، سرکاری محکمے اور عوام صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد رہ کر کام کریں گے۔ اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان، نگران وزیر داخلہ، نگران صوبائی کابینہ کے ارکان عسکری اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔
مزیدخبریں