5 آئی پی پیز کے معاہدے ختم، قومی خزانے کو 411 ارب کی بچت ہوگی، وزیراعظم

01:35 PM, 10 Oct, 2024

ویب ڈیسک: وفاقی کابینہ کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کابینہ نے ٹاسک فورس کی سفارش پر5 آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کرنے کی منظوری دی ہے۔ معاہدے ختم کرنے سے بجلی صارفین کو60 ارب روپے سالانہ کا فائدہ ہوگا اور بجلی کے فی یونٹ نرخ میں خاطر خواہ کمی ہو گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 5 آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کرنے سے ملکی خزانے کو 411 ارب روپے کی بچت اور ان آئی پی پیز کو واجب الادا رقم پر سود نہیں دیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں 5 آئی پی پیز کے معاہدے منسوخ کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ 5 آئی پی پیز سے معاہدے ختم ہونے سے 400 ارب روپے سے زائد کی بچت ہوگی، اس اقدام سے بجلی صارفین کو ریلیف ملے گا۔

ذرائع کے مطابق حبکو، راؤ سچ، لال پیر، صبا اور اٹلس پاور پلانٹس کے منسوخ کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے معاہدوں کو قبل از وقت ختم کرنے کی تیاریاں شروع کرنے کے بعد متعدد آئی پی پیز نے پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے آج (جمعرات) ہنگامی اجلاس طلب کر لیے ہیں۔

گزشتہ روز معروف کاروباری شخصیت اور چیئرمین ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان زبیر موتی والا نے کہا تھا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت کم ہو کر 9 سے 10سینٹ ہو جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری صنعتیں بند ہو رہی ہیں، گیس کی قیمت شاید کم نا ہو لیکن بجلی کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے۔

قبال ازیں، ڈان نیوز نے بتایا تھا کہ اجلاس میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) اور مختلف ممالک کے ساتھ ہونے والی باہمی یاداشتوں کی دستاویزات اور معاہدوں کی منظوری دیے جانے کی توقع ہے۔

مزید بتایا گیا تھا کہ اسی طرح کابینہ سے سعودی اور چینی کمپنیوں سے معاہدوں کی توثیق کروائے جانے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ مونو سوڈیم گلوٹامیٹ کی درآمد پر عائد پابندی کے حوالے سے کمیٹی کی رپورٹ پر غور کیا جائے گا۔

اجلاس میں فارمیسی کونسل کی ازسرنو تشکیل اور نیوٹیک کے بورڈ کے نجی ممبرز کی تعیناتی پر بھی غور ہوگا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ریاست جموں و کشمیر کے سال 25-2024 کے بجٹ کی منظوری کا امکان ہے۔

آئی پی پیز کے حوالے سے اہم پیش رفت :

 حب پاور کمپنی لمیٹڈ کا سینٹرل پاور پرچیزنگ کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا ۔ حب پاور کمپنی لمیٹڈ نے قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے   معاہدے کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔یہ معاہدہ کے تحت مارچ 2027 میں ختم ہونا تھا۔اب یہ  معاہدہ  قبل از وقت،  1 اکتوبر 2024 کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

  یہ معاہدہ بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں واقع موزا کند میں حب پاور کے 1292 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والے منصوبے سے متعلق ہے۔اس پلانٹ کو  1996 میں مکمل کیا گیا تھا۔کیے گئے معاہدے میں حکومت پاکستان اور سی پی پی اے جی نے حب پاور کمپنی کی واجب الادا وصولیوں کو 1 اکتوبر 2024 تک حل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ کمپنی کے بورڈ نے اس تصفیے کی منظوری دی ہے۔

  اس حوالے سے PSX (پاکستان اسٹاک ایکسچینج) کو ترقیات سے مطلع کرنے کا عہد کیا ہے۔

مزیدخبریں