سعودی ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان کی ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات

01:46 PM, 10 Oct, 2024

ویب ڈیسک : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بدھ کے روز ریاض میں ہونے والی ملاقات میں خطے کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ سعودی وزیر خارجہ نے بھی اپنے ایرانی ہم منصب سے مشرق وسطیٰ کے حالات پر بات کی۔

رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کا سعودی عرب کا دورہ ایسے پر وقت ہوا ہے جب ایرانی میزائل حملے کے بعد اسرائیل کسی بھی وقت ایران پر ممکنہ جوابی حملہ کر سکتا ہے۔

مبصرین  کا خیال ہے کہ تہران صورتحال کو پرسکون کرنے کے طریقے تلاش کر رہا ہے۔ خاص طور پر اسرائیل کی جاری دھمکیوں کے درمیان وہ اپنی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے اور بڑے فوجی تصادم میں شامل ہونے سے بچنے کی کوشش کررہا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل باغی نے بدھ کو ایکس پر پوسٹ اپنے بیان میں کہا کہ عباس عراقچی سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے خلیجی ریاست کے دورہ پر ہیں۔ وہ قطر بھی جائیں گے۔ "اس دورے کا مقصد اسرائیلی حکومت کی جارحیت کو روکنے اور غزہ اور لبنان میں ہمارے بھائیوں اور بہنوں کے درد اور تکلیف کو کم کرنے پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔"

قبل ازیں سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ریاض کے دورے پر آنے والے اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

سعودی الاخباریہ چینل نے فوٹیج نشر کی ہے، جس میں شہزادہ فیصل بن فرحان ایرانی وزیر اور ان کے وفد کا استقبال کر رہے ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ایک اہلکار نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے میں امن کے قیام اور اسرائیل کو حملے بند کرنے پر مجبور کرنے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔

مزیدخبریں