(ویب ڈیسک ) خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کرتے ہوئے 4 خارجی جہنم واصل کردیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے کل اور آج خیبر پختون خوامیں دو مختلف مقامات پر آپریشن کیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گذشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ روز بنوں کے علاقے جانی خیل میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ جانی خیل میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا،اس دوران 2 خارجی دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں کی، حسن خیل میں آج سیکیورٹی فورسز اور خارجی دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں بھی 2 خارجی دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے۔ مارے جانے والے دہشت گرد نہ صرف سیکیورٹی فورسز پر حملوں بلکہ عام شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ یقینی بنانے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔