آرمی چیف کی زیرصدارت 234 ویں کور کمانڈرز کانفرنس
01:30 PM, 10 Sep, 2021
راولپنڈی ( پبلک نیوز) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں مجموعی عالمی، علاقائی اور اندرونی سلامتی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کو افغانستان کی صورتحال بالخصوص پاک افغان سرحدی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف نے جامع بارڈر مینجمنٹ سسٹم پر اظہار اطمینان کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 234 ویں کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب بھی کیا۔ جس میں انھوں نے کہا کہ خطے میں موجودہ بحرانی صورتحال میں موثر بارڈر مینجمنٹ سسٹم کے باعث پاکستانی بارڈر اور اندرونی سلامتی کا تحفظ ممکن ہوا۔ آرمی چیف نے انخلا اور ٹرانزٹ سے متعلق پاک فوج کے کردار کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و استحکام کے لئے افغانستان کے ساتھ تعمیری تعلقات اور انسانی بنیادوں پر افغانستان کو امداد کی فراہمی لازم ہے۔ کور کمانڈرز کانفرنس کہا گیا کہ خطے کی ترقی اور امن کے لئے تمام علاقائی اسٹیک ہولڈرز کے درمیان قریبی تعاون ضروری ہے۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں سید علی شاہ گیلانی کو بھرپور خراج عقیدت کیا گیا۔ کہا گیا کہ سید علی شاہ گیلانی نے مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کے لئے زندگی بھر جدوجہد کی اور قربانیاں دیں۔ کور کمانڈرز کانفرنس نے بھارتی مظالم اور جبر کا سامنا کرنے والے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔