صدر مملکت نے گوجرانوالہ میں موبائل ڈینٹل کلینک کا افتتاح کر دیا

04:00 PM, 10 Sep, 2021

احمد علی
اسلام آباد (پبلک نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گوجرانوالہ میں ڈینٹل ویلفیئر کمپلیکس اور موبائل ڈینٹل کلینک کا ایوانِ صدر سے افتتاح کر دیا ہے۔ قبل ازیں صدر مملکت کو ڈاکٹر حسن بشیر کی جانب سے گجرانوالہ میں ڈینٹل ویلفیئر کمپلیکس اور موبائل ڈینٹل کلینک پر بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ موبائل ڈینٹل کلینک جدید طبی آلات سے لیس ہوں گے۔ معاشرے کے پسماندہ طبقات کو ڈینٹل سہولیات کم قیمت میں مہیا ہو سکیں گی۔ موبائل یونٹس سے دور دراز علاقوں کے لوگوں کو علاج کی سہولیات میسر ہوں گی۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دانتوں اور منہ کی بیماریوں کی بروقت روک تھام پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ ابتدائی حفاظتی اقدامات سے 90 فیصد سے زائد منہ کی بیماریوں کو روکا جا سکتا ہے۔ بروقت مشورے اور صحت کی سہولیات کی فراہمی سے منہ کی بیماریوں کی روک تھام ممکن ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ لوگوں کو دانتوں اور منہ کی صحت کے بارے میں تعلیم دینے کی ضرورت ہے۔ لوگوں کو کم لاگت میں دندان سازی کے آلات کی فراہمی کیلئے مقامی مینوفیکچرنگ کی ضرورت ہے۔
مزیدخبریں