خواجہ آصف کیخلاف ہرجانے کا کیس، عمران خان پر جرمانہ

07:37 AM, 10 Sep, 2022

احمد علی
عدالت نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو خواجہ آصف کیخلاف ہرجانے کے کیس میں التوا مانگنے پر جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔ یہ سزا ڈسٹرکٹ سیشن عدالت اسلام آباد کی جانب سے عمران خان کو سنائی گئی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کیخلاف 10 ارب روپے ہرجانے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ عمران خان کے وکیل نے سماعت میں التوا مانگنے کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سیلاب کی وجہ سے متاثرہ علاقوں کے دورے کر رہے ہیں اور ان دنوں بہت مصروف ہیں لہذا آج سماعت ملتوی کرنے کی درخواست منظور کی جائے۔ تاہم مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کے وکیل نے التوا مانگنے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ میں اس کیس پر جرح کيلئے لاہور سے اسلام آباد آیا ہوں لیکن یہاں ان کے وکیل کہہ رہے ہیں کہ عمران خان مصروف ہیں۔ دونوں جانب کے وکلاء کے دلائل سننے کے بع معزز ایڈيشنل سیشن جج نے سماعت میں التوا مانگنے پر پی ٹی آئی عمران خان پر پانچ ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت رواں ماہ 24 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
مزیدخبریں