منی لانڈرنگ کیس : وزیراعظم کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم
09:29 AM, 10 Sep, 2022
اسپیشل سینٹرل کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہبازشریف کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسپیشل سینٹرل کورٹ کی جانب سے گذشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔ تحریری حکم نامے میں یہ ہدایت کی گئی ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہوں۔ شہباز شریف کے وکیل کی جانب سے ان کی حاضری سےاستثنیٰ کی درخواست جمع کروائی گئی ہے۔ درخواست کے مطابق شہباز شریف متعدد اہم امور میں مصروف عمل ہیں۔ تحریری حکم نامے کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے ) کی جانب سے شہباز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت نہیں کی گئی، عدالت میں ملزم سلمان شہباز کے اکاوئنٹس کو ڈی فریز کرنے کیئلے درخواست دی گئی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم سلمان شہباز کے اکاوئٹنس منجمدہونے سے ملازمین کو تنخواہیں نہیں دی جا سکیں۔ اسپیشل سینٹرل کورٹ نے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت کی درخواستوں پر دلائل دینے کا حکم بھی دیا .