پی ٹی آئی نے شکور شاد کی پارٹی رکنیت معطل کردی
12:14 PM, 10 Sep, 2022
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر رکن قومی اسمبلی شکور شاد کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل کرتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس بھی جاری کر دیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے کراچی کے علاقے لیاری کے حلقہ این اے 246 سے منتخب رکن قومی اسمبلی شکور شاد کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ دو روز قبل شکور شاد نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی، موقف اپنایا تھا کہ انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کو کوئی استعفیٰ بھیجا اور نا ہی اس پر دستخط کیے، لہذا ان کا استعفیٰ منظور ہونے کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کی رکنیت معطلی کا نوٹی فیکیشن معطل کر دیا، انہیں قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی۔ اب پی ٹی آئی نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر رکن قومی اسمبلی شکور شاد کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل کرتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس بھی جاری کر دیا ہے۔ صدر پی ٹی آئی سندھ علی زیدی اور ایڈیشنل جنرل سیکرٹری عمران اسماعیل کی جانب سے شکور شاد کو شوکاز جاری کیا گیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا کہ عمران خان کے این اے 246 سے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہو چکے ہیں، این اے 246 سے بطور کورنگ امیدوار آپ کی نامزدگی بھی واپس لی جاتی ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے شکور شاد کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 7 روز میں جواب دیں اور بتائیں آپ کی رکنیت کیوں بحال کی جائے؟۔