'ایک ہی ہدف ہے فائنل میں اچھا پرفارم کریں اور ٹورنامنٹ جیتیں'

02:40 PM, 10 Sep, 2022

احمد علی
دبئی: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 2022 کا فائنل 11 ستمبر بروز اتوار کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فائنل میں پاکستان ٹیم کی قیادت کرنے پر بہت پرجوش ہوں، ہم ٹرافی جیتنے سے اس وقت ایک قدم دور ہیں،انہوں نے کہا کہ ہر کپتان اور ٹیم کا خواب ہوتا ہے کہ وہ ٹرافی جیتے۔ بابر اعظم نے کہا کہ بحثیت ٹیم اس وقت ہمارا ایک ہی ہدف ہے کہ ہم فائنل میں اچھا پرفارم کریں اور ٹورنامنٹ جیتیں، ایشیا کپ میں ہمارے میچز بڑے شاندار رہے ہیں، ایشیا کپ میں ہم نے بڑے ٹف میچز کھیلے ہیں، کھلاڑیوں نے بڑی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم ٹیم بنانے کے مرحلے میں ہوتے ہیں تو مختلف کھلاڑیوں کا پرفارم کرنا اچھا ہوتا ہے، اس سے مستقبل کیلئے کامیابیوں کا راستہ بنانے میں مدد ملتی ہے۔ کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ٹاس اب تک اہم رہا، دوسری اننگز میں بیٹنگ کرنے والی ٹیمیں جیت رہی ہیں، دوسری بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو فائدہ ہوتا ہے کیوں کہ وکٹ اس وقت بہتر ہوتا ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان نے کہاکہ فینز بہت سپورٹ کرتےہیں لیکن انہیں ہمیشہ کہتا ہوں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے، کبھی پرفارمنس اچھی ہوتی ہےکبھی نہیں، فینز وہی ہوتےہیں جو ہروقت ٹیم کو سپورٹ کریں۔ بابر کا کہنا تھا کہ فائنل سے پہلے میچز بہت اچھے ہوئے خاص طور پر افغانستان والا میچ، ہم ایسے توقع نہیں کر رہے تھے، نسیم شاہ نے دو چھکے لگا کر جاوید میانداد بھائی کی یاد دلائی، سری لنکا کے خلاف فائنل میں اچھی ٹف کرکٹ ہو گی۔ کپتان بابر اعظم نے مزید کہا کہ یہاں دبئی میں موسم ایسا ہے کہ اوس کا کردار بھی ہوتا ہے۔
مزیدخبریں