برسٹل ( ویب ڈیسک ) برطانوی حکومت کی طرف سے پولیس کو مزید اختیارات دینے کیخلاف ہزاروں افرادکورونا کی پرواہ نہ کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے ٗ حکومت اور پولیس کیخلاف شدید نعرے بازی ۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی شہر برسٹل میں ہزاروں افراد کا احتجاج جاری ہے جنہوں نے کورونا ایس او پیز کو نظر انداز کرتے ہوئے ایسے وقت میں حکومت کیخلاف احتجاج کا آغاز کیا جب برطانوی ایوان نمائندگان نے پولیس کے اختیارات میں اضافہ کرتے ہوئے ایک بل پاس کر لیا ہے۔
مشتعل مظاہرین برسٹل میں نعرے بازی میں مصروف ہیں اور اس دوران انہوں نے پولیس کی کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی اور سرکاری عمارت کو نقصان پہنچانے کی کوشش بھی کی۔ مظاہرین کا ماننا ہے کہ یہ بل عوام کے حقوق پر ڈاکہ ہے اور اس کی وجہ سے پولیس کو من مانی کرنے کیلئے مزید اختیارات مل جائیں گے۔
برطانوی پارلیمنٹ کی طرف سے دو ہفتے کی بحث اور جائزے کے بعد جو بل پاس کیا گیا ہے اس کے بعد اب پولیس کو یہ اختیار بھی حاصل ہو گیا ہے کہ وہ احتجاجی کیمپ اکھاڑ سکتی ہیں اور راستوں کی بندش کے خلاف اقدام بھی اٹھا سکتی ہے۔