کراچی: ڈاکوؤں نے بینک لوٹ لیا
08:34 AM, 11 Apr, 2021
کراچی (پبلک نیوز) سخی حسن پر قائم نجی بینک کا صفایا کر دیا گیا۔ نقب زنی کے واقعہ پر پولیس حرکت میں آ گئی۔ ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ بینک میں تعینات سکیورٹی گارڈ کل رات اپنے ایک رکشے والے دوست کے ساتھ کھانا کھانے گیا تھا۔ واپس آکر سکیورٹی گارڈ نے جب بینک کا دروازہ کھولا تو ملزمان گارڈ کے ساتھ ہی بینک میں داخل ہوگئے۔ملک مرتضیٰ کے مطابق ملزمان کل رات 9 بجے سے آج صبح 5 بجے تک بینک میں موجود رہے۔ طریقہ واردات سے لگتا ہے کہ ملزمان کو پہلے سے معلومات تھیں۔ ملزمان اپنے ساتھ کٹرز اور سلنڈر بھی ساتھ لائے تھے۔پولیس آفیسر نے مزید کہا کہ واردات کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔ بینک میں تعینات اور غفلت برتنے والے سکیورٹی گارڈ کو تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا۔ سیکورٹی گارڈ سے تفتیش اور برانچ میں تعینات دیگر عملے کے ارکان کے بیانات قلم بند کئے جارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ واردت کی تفتیش مختلف پہلوؤں سے جاری ہے۔ ابھی تک کی معلومات کے مطابق ملزمان نے بینک سے نقدی اور لاکرز میں کسٹمز کی رکھی ہوئی قیمتی اشیاء لوٹی ہیں۔بینک میں تقریبا 240 لاکرز ہیں۔ 34 لاکرز کو ملزموں نے کاٹا ہے۔ 34 میں سے 4 لاکر خالی تھے۔ 30 لاکر میں سے سامان چوری کیا گیا ہے۔ بینک میں رات کے اوقات ایک ہی سکیورٹی گارڈ موجود تھا۔ بینک سکیورٹی گارڈ سے اسلحہ لے کر ملزمان فرار ہوئے۔ ملزمان بینک کا ڈی وی آر سسٹم اپنے ہمراہ لے گئے ہیں۔ بینک لاکرز مالکان کا کہنا ہے کہ پولیس پر کوئی اعتماد نہیں، پولیس صرف لوٹنے کے لیے ہے۔ ہمارے پوری جمع پنجی لٹ گئی۔ اپنا مال پاس رکھ سکتے ہیں نہ گھر اب بینک میں بھی لوٹ لیا گیا۔