عمران خان کے حق میں جمائما اور ان کے بھائیوں کا ردعمل
09:05 AM, 11 Apr, 2022
لاہور (ویب ڈیسک ) تحریک عدم اعتماد کے ذریعےوزرات عظمیٰ کے منصب سے ہٹائے جانے پر عمران خان کی حمایت میں سابقہ اہلیہ جمائما اور ان کے بھائی بین گولڈ سمتھ اور زیک گولڈ سمتھ کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔ سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان سے اپنا تعلق جوڑے رکھنے والی جمائما نے پاکستان کے موجودہ سیاسی حالات اورعمران خان کے عہدے سے ہٹائے جانے پر براہ راست تو نہیں لیکن بہرحال اپنا ردعمل دیا ہے۔ لندن میں ایون فیلڈ کے سامنے ن لیگ کے کارکنان کے احتجاج کی ویڈیو سے متعلق ٹویٹ پرجمائما کا تبصرہ واضح کرتا ہے کہ وہ اس خبرسے ہرگزخوش نہیں ہیں۔ تفصیلات کہ مطابق یہ ویڈیو ن لیگ بلوچستان کے سابقہ سیکرٹری اطلاعات سنتوش کماربگٹی کے ٹوئٹر ہینڈل سے شیئرکی گئی۔ اس ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے عمران خان کے بیٹوں کے نام لکھتے ہوئے کہا کہ ایون فیلڈ کے سامنے ہجوم قاسم کا باپ چورہے، سلیمان کا باپ چورہے، ٹیرین کا باپ چور ہے کے نعرے لگارہے ہیں۔ سنتوش کمار نے الزام عائد کیا کہ ٹیرین عمران خان کی وہ بیٹی ہے جسے انہوں نے نیویارک کی عدالت کے حکم کے باوجود نہیں اپنایا۔اس ٹویٹ میں انہوںنے عمران خان اورمریم نوازکے علاوہ جمائما کو بھی ٹیگ کیا گیا ، جمائما گولڈ سمتھ نے ہیش ٹیگ کے ساتھ تبصرے میں لکھا ‘ پُرانا پاکستان۔ جمائما کے اس جواب پرسنتوش کمارنے انہیں پُرانے پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے لکھا، ‘ہاں ، آخرکار پُرانا پاکستان، اللہ کا شکرہے لیکن نئے پاکستان کا باقی ماندہ گند صاف کرنے میں کچھ وقت لگے گا۔ امید ہے کہ پاکستان میں قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا اور آمر عمران کوآرٹیکل 6کے تحت پکڑاجائے گا’۔ جمائما کے بھائی بین گولڈسمتھ بھی تحر یک عدم اعتماد کے ذریعے عہدے سے ہٹائے جانے والے پاکستان کے پہلے وزیراعظم عمران خان کی حمایت میں سامنے آئے ہیں. بین گولڈ سمتھ نے اپنے ٹویٹ میں عمران خان کو ’اچھا اور معزز آدمی‘ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ وہ صرف اپنے ملک کیلئے اچھے سے اچھا کرنے کی شدید خواہش رکھتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم کے طور پر ان کا ریکارڈ غیر معمولی ہے۔ انہوں نے عمران خان کی ماحول دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عمران کی قیادت میں پاکستان نے ماحولیاتی بحالی کے حوالے سے بہت کام کیا۔ جمائما کے دوسرے بھائی اور برطانوی وزیر زیک گولڈ سمتھ نے بھی اپنی ٹویٹ میں عمران خان کے کاموں کو سراہتے ہوئے،انہیں عالمی سطح کے سیاستدانوں میں سے ایک کہا اور ساتھ ہی اس یقین کا بھی اظہارکیا ہے کہ عمران خان آئندہ انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ یاد رہے کہ سال 1995 میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے عمران خان اورجمائما گولڈسمتھ کی راہیں 2004 میں جدا ہو گئی تھیں، مگر طلاق کے بعد بھی جمائما نے اپنے نام کے ساتھ لفظ ''خان'' جوڑے رکھا. شاید دلی وابستگی کے باعث ہی وہ ہر مشکل وقت میں عمران خان کا ساتھ دیتی آئی ہیں ، جس کا ایک ثبوت سپریم کورٹ میں عمران خان کیخلاف نااہلی کیس میں منی ٹریل سے متعلق رسیدیں بھجوانا بھی ہے۔