سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان، ڈالر مزید سستا ہو گیا
01:09 PM, 11 Apr, 2022
ملکی سیاسی صورتحال کے پیشِ نظر شروع ہونے والا معاشی مندی کا رجحان اب کافی حد تک رک چکا ہے اور وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی مثبت رجحان نظر آ رہا ہے۔ ہنڈرڈ انڈیکس میں بھی اضافہ ہوا جو مجموعی طور پر 3.61 فیصد سے زائد رہا، اس دوران مارکیٹ 46000 پوائنٹس سے بھی تجاوز کر گئی۔ اہم بات یہ ہے کہ آج سٹاک ایکسچینج میں شروع سے ہی مثبت رجحان دیکھا گیا۔ ایک موقع پرہنڈرڈ انڈیکس میں 1600 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ بھی دیکھا گیا۔ دوسری جانب تیزی سے اوپر جانے والے ڈالر کو بھی بریک لگ گئی، اور امریکی ڈالر سستا ہو گیا۔ انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں مزید 1 روپے 98 پیسے کی کمی واقع ہوئی اور 1 امریکی ڈالر 183 روپے سے بھی نیچے آ گیا ہے۔