توشہ خانہ کیس، الیکشن کمیشن کی کیس جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی درخواست خارج

12:44 PM, 11 Apr, 2023

احمد علی
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی الیکشن کمیشن کی درخواست خارج کردی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی الیکشن کمیشن کی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں عمران خان کے وکیل خواجہ حارث اور فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے ۔ سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ توشہ خانہ کیس کی جلد سماعت مقرر کرنے کی درخواست پر کیا کہتے ہیں ؟ اس کے جواب میں وکیل عمران خان ، خواجہ حارث کے جواب دیا کہ جلد سماعت مقرر کرنے کا جواز کیا ہے ؟ پیسہ ضائع ہوتا ہے، وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی مرضی سے 29 اپریل کی تاریخ لی ہے ، 2 دن بعد الیکشن کمیشن کو خیال آیا ہے کہ تاریخ جلد مقرر کروانی ہے ۔ خواجہ حارث نے کہا کہ وکلاء کی ہڑتال کی وجہ سے بھی کیس کی سماعت ملتوی ہو گئی تھی ،ہم اپنی تیاری 29 اپریل کی سماعت کے حوالے سے کر رہے تھے ، کیا کوئی قانونی پابندی ہے کہ اتنے وقت اس کیس پر فیصلہ کرنا ہے ، سابق وزیر اعظم عمران خان کی سیکیورٹی کی درخواست ابھی بھی عدالت میں زیر سماعت ہے ۔ بعد ازاں عدالت کی جانب سے وکلا کے دلائل سننے کے بعد ہی فیصلہ محفوظ کرلیا گیا اور 10 منٹ میں فیصلہ سنانے کا کہا گیا تھا ۔ محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کی توشہ خانہ کیس جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی درخواست کو خارج کر دیا گیا ۔
مزیدخبریں