وزیراعظم آزاد کشمیر کو نااہل قرار دے دیا گیا

02:51 PM, 11 Apr, 2023

احمد علی
مظفرآباد: آزادکشمیر ہائی کورٹ نے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو کسی بھی عوامی عہدے کے لئے نااہل قرار دیدیا۔ وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس کو آزادکشمیر ہائی کورٹ نے توہین عدالت میں سزا سنائی ہے۔ عدالت نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم کو عدالت برخاست ہونے تک سزا سنائی اور انہیں کسی بھی پبلک عہدے کیلئے نا اہل قرار دیا ہے ۔عدالت نے نئے وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کیلئے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا ہے ۔ آزاد کشمیرکی تاریخ میں پہلی بار کسی بھی وزیراعظم کو توہین عدالت پر نااہل قرار دیا گیا ہے ۔

توہین عدالت کا معاملہ ہے کیا ؟ واضح رہے کہ تنویر الیاس کو اپنی تقاریر میں دھمکی آمیز لہجہ اختیار کرنے پر آزاد کشمیر سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ نے آج طلب کیا تھا ۔

وہ آج آزادکشمیر ہائی کورٹ میں پیش ہوئے، ان کے خلاف سماعت چیف جسٹس ہائی کورٹ صداقت حسین راجہ کی سربراہی میں فل بینچ نےکی ہے ۔ تنویر الیاس نے عدلیہ کے خلاف دھمکی آمیز بیانات پر آزادکشمیر ہائی کورٹ میں پیش ہوکر غیر مشروط معافی مانگی تھی ۔ سماعت کے دوران وزیراعظم آزادکشمیر کی تقاریر کےکلپ چلائےگئے تھے اور تنور الیاس سے توہین عدالت کا اعتراف بھی کرایا گیا تھا ۔ تنویر الیاس نے کہا تھا کہ میرے کسی الفاظ سے جج ہرٹ ہوئے ہیں تو غیرمشروط معافی مانگتا ہوں ، تاہم عدالت نے ان کی معافی مسترد کردی تھی ۔ تنویر الیاس آزاد کشمیر ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد سپریم کورٹ بھی پہنچ گئے ۔ سپریم کورٹ کا فل بینچ چیف جسٹس جسٹس سعید اکرم کی سربراہی میں سماعت کرے گا ، بینچ میں جسٹس رضا علی خان اور جسٹس خواجہ نسیم شامل ہیں۔
مزیدخبریں