وزیرِ اعظم عمران خان کا بہاولپور دورہ

03:16 PM, 11 Aug, 2021

احمد علی
بہاولپور (پبلک نیوز) وزیرِ اعظم عمران خان نے بہاولپور ڈویژن میں ترقیاتی منصوبوں اور جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کی کارکردگی و تعمیر پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدات کی اور مقامی ارکانِ قومی وصوبائی اسمبلی سے ملاقات کی۔ وفاقی وزراء مخدوم خسرو بختیار، طارق بشیر چیمہ، سید فخر امام، معاونِین خصوصی جمشید اقبال چیمہ، ڈاکٹر شہباز گِل، ملک عامر ڈوگر، سینیٹر عون عباس بپی، وزیرِ اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، رکنِ قومی اسمبلی کنول شوزیب اور دیگر ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو بہاولپور ڈویژن کی مجموعی صورتحال جس میں معاشی، سماجی، تعلیم، صحت، بنیادی ڈھانچے اور خصوصی طور پر زراعت کی پیداوار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بہاولپور ڈویژن رقبے کے لحاظ سے پنجاب کی سب سے بڑی ڈویژن ہے، جس میں پسماندگی کی شرح پورے پنجاب میں دوسرے نمبر پر ہے جس کو دور کرنے کے لیے حکومت نے جامع حکمتِ عملی تیار کر لی ہے۔ جنوبی پنجاب پیکیچ میں تمام اضلاع میں صحت تعلیم اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبے شامل ہیں۔ مزید اس ڈویژن میں پنجاب کی 50 فیصد کپاس کی پیدوار ہوتی ہے جس کو مزید بہتر کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ اس ضمن میں تحقیقی اداروں کا قیام، اچھے بیج کی فراہمی، کسانوں کی معاونت، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور پانی کے مسائل کے حل شامل ہیں۔ صنعتوں کی ترقی کے لیے صنعتی زونز میں کام کی رفتارکو بڑھانے اور موجودہ صنعتوں میں ویلیو ایڈیشن کو فروغ دینے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئ. علاوہ ازیں اجلاس کو بتایا گیا کہ چولستان اور بہاولپور کے ماسٹر پلان پر تیزی سے کام جاری ہے۔ چولستان میں سکولوں کو سولرائز کرنے، ہسپتالوں کی تعمیر اور بہاولپور کو سی پیک سے ملانے کے لیے شاہراہ کے منصوبے پر پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئ. جنوبی پنجاب کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ رولز آف بزنس پر کام مکمل کرلیا گیا ہے جن کی جلد منظوری حاصل کر لی جائے گی. 40 میں سے 15 صوبائی محکموں کو جنوبی پنجاب میں منتقل کر دیا گیاہے . پچھلے چھ ماہ سے ایڈیشنل چیف سیکٹری سیکریٹریٹ کے امور دیکھ رہے ہیں۔ جنوبی پنجاب کی ملتان اور بہاولپور میں عمارتوں کی تعمیر پر پیش رفت سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ رواں مالی سال بجٹ میں جنوبی پنجاب کے لیے 189 ارب روپے کی رقم سے 2491 منصوبے شامل ہیں جن میں سے 91 فی صد کی منظوری بھی ہو چکی ہے۔ مزید سرکاری نوکریوں میں کوٹہ کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے جسکے حوالے سے حتمی فیصلہ جلد لے لیا جائے گا۔ وزیرِ اعظم نے اس موقع پر کہا کہ جنوبی پنجاب کے حوالے سے کسی بھی قسم کا اقدام اٹھانے سے پہلے تمام اسٹیک ہولڈرز کے مشاورت کی جائے گی. مزید وزیرِ اعظم نے کہا کہ پانی انسان کی بنیادی ضرورت ہے اور اس خطے میں زراعت کی اہمیت کے پیشِ نظر پانی سے متعلق تمام مسائل کو حل کیا جائے گا۔ پاکستان میں پہلی دفعہ ٹیکس کی مد میں ریکارڈ محصولات اکیل ہوئی ہیں جو عوام کے حکومت پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔ تعلیم صحت اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین نے بہاولپور ڈویژن کے مختلف اضلاع میں عوام کو درپیش مسائل اور ان کے تدارک کے لیے تجاویز پیش کیں۔
مزیدخبریں