افغان فوج ہتھیار ڈال رہی ہے تو پاکستان کا کیا قصور؟
05:00 PM, 11 Aug, 2021
اسلام آباد ( پبلک نیوز) وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان کو انفارمیشن وار فیئر کا سامنا ہے جس کو اعدادو شمار کے ذریعہ ہم نے ثابت کیا۔ پاکستان کے خلاف مذموم پراپیگنڈے کے لیے افغانستان اور بھارت کے سوشل میڈیا استعمال ہورہے ہیں۔ وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کے لیے سوشل میڈیا کا زیادہ ا ستعمال کرتے ہیں۔ افغانستان میں اتحادی افواج کی 20 سال ناکامی کی ذمہ داری بھی پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ افغان قومی سلامتی کے مشیر کے دفتر سے پاکستان کے خلاف پراپیگنڈہ مہم چلائی جاتی ہے۔ ہائبرڈ وار کے ذریعہ پاکستانی ریاست، فوج اور خصوصاً سی پیک کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ پاکستان کے خلاف امریکی پابندیوں سے متعلق کوئی بات نہیں ہورہی اور نہ ہی کوئی جواز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر افغان فوج لڑنے کی بجائے ہتھیار ڈال رہی ہے تو اس میں پاکستان کا کیاقصور ہے؟ پاکستان کیخلاف سوشل میڈیا ٹرینڈ اور ہیش ٹیگ چلانے کے لیے روبوٹ ٹیکنالوجی بھی استعمال ہورہی ہے۔ معید یوسف نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جعلی خبروں اور پروپیگنڈہ نیوز کو افغان حکومت کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔ بعض ممالک افغانستان میں امن عمل آگے بڑھانے کی بجائے اپنی ناکامی پاکستان پر ڈالنے میں مصروف ہیں۔