ویب ڈیسک: پیرس اولمپکس میں پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوانے والے قومی ہیرو ارشد ندیم کا وطن واپسی پر والہانہ استقبال کیا گیا، اس موقع پر ایک صحافی نے ارشد ندیم سے سوال کیا کہ آپ بھی سیاست میں آئیں گے؟ صحافی کے سوال پر جیولن تھرور ارشد ندیم نے کہا کہ میرا جو کام ہے میں وہ ہی کروں گا، میرا سیاست میں آنا بنتا ہی نہیں۔
تفصیلا ت کے مطابق پیرس اولمپکس میں سونے کا تمغہ حاصل کرنے والے قومی ہیرو ارشد ندیم کا لاہور پہنچنے پر والہانہ استقبال کیا گیا۔ارشد ندیم کی پرواز رات 1 بج کر 25 منٹ پر لاہور پہنچی ، اس موقع پر ان کے طیارے کو واٹر کینن سلیوٹ پیش کر کے خوش آمدید کہا گیا ۔
ہزاروں فینز اپنے ہیرو کی ایک جھلک دیکھنے لاہور ائیر پورٹ پہنچے ، بینڈ نے دھنیں بکھیر کر ماحول میں اور جوش پیدا کر دیا۔عوام نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں، خوشی میں جھومتے فینز نے سیلفیاں بھی لیں۔
وطن واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ قوم اور والدین کی دعاؤں سے اللہ تعالیٰ نے عزت دی، اس کامیابی کے پیچھے بہت لمبا سفر ہے۔
اس موقع پر صحافی نے ارشد ندیم سے سوال کیا کہ کیا آپ بھی سیاست میں آئیں گے؟ صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ارشدندیم نے کہا کہ میرا جو کام ہے میں وہ ہی کروں گا ، میرا سیاست میں آنا بنتا ہی نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گولڈ میڈل حاصل کرنے کے لیے دن رات محنت کی تھی، اب آنے والے ایونٹس کی بھرپور تیاری کروں گا۔
واضح رہے کہ ارشد ندیم نے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ جیولین تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔ انہوں نے 92.97 میٹر تھرو کرکے نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا۔
مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا۔
ارشد ندیم پاکستان کی جانب سے اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔