ویب ڈیسک: صدر مملکت آصف علی زرداری نے قائداعظم محمد علی جناح کے اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے 11 اگست 1947 کے وعدے پر قائم رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقلیتوں کو آئینِ پاکستان میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں، پاکستان نے اقلیتوں کو بااختیار بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں، ہمارا مذہب اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مکمل طور پر تسلیم کرتا ہے جبکہ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ اقلیتی برادری نے تحریک پاکستان میں کلیدی کردار ادا کیا تھا، اقلیتی برادری قیام پاکستان سے لے کراب تک تعمیر وطن میں بھرپور حصہ ڈال رہی ہے۔
صدرمملکت آصف علی زرداری
اقلیتوں کے دن کے موقع پر صدر صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ اقلیتوں کے کردار کے اعتراف میں اقلیتوں کا دن مناتے ہیں، اقلیتوں کے حقوق و مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے لیے قائد اعظم کے 11 اگست 1947ء کے وعدے پر قائم رہیں گے۔
آصف زرداری نے کہا کہ اقلیتوں کو آئینِ پاکستان میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں، ہمارا مذہب اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مکمل طور پر تسلیم کرتا ہے، پاکستان نے اقلیتوں کو سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔
سابق صدر کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے لیے 5 فیصد کوٹہ مختص کیا ہے، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ان کے لیے نشستیں بھی مختص ہیں، غریب اور مستحق افراد کو مالی امداد، شادی کے لیے گرانٹس، اقلیتی برادریوں کے طلباء کو تعلیمی وظائف اور ان کی عبادت گاہوں کی مرمت، دیکھ بھال کے لیے فنڈز کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہر پاکستانی کو مذہب، ذات، رنگ یا نسل کی تفریق کے بغیر زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے، ہر پاکستانی کو اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے، اقلیتوں کو زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے مساوی مواقع فراہم کیے جارہے ہیں، اقلیتوں کے مستقبل کے لیے میری نیک تمنائیں اُن کے ساتھ ہیں، یقین ہے کہ پاکستان کی اقلیتیں ملک کی ترقی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہیں گی۔
وزیراعظم شہبازشریف
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ اقلیتی برادری نے تحریک پاکستان میں کلیدی کردار ادا کیا تھا، اقلیتی برادری قیام پاکستان سے لے کراب تک تعمیر وطن میں بھرپور حصہ ڈال رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقلیتوں کے قومی دن پر پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں بسنےوالی تمام اقلیتوں کیلئےنیک خواہشات کا اظہارکرتا ہوں، ملکی ترقی و خوشحالی میں اقلیتوں کےشاندار کردار پرخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم نے11 اگست 1947 کو اقلیتوں کیلئے مکمل مذہبی آزادی کا اعلان کیا تھا، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی ترقی و خوشحالی کے لیے پر عزم ہیں۔
خیال رہے کہ گیارہ اگست کو پاکستان کی پہلی دستور ساز اسمبلی میں بابائے قوم قاقئد اعظم محمد علی جناح کے خطاب کے تناظر میں اقلیتوں کا قومی دن منایا جا رہا ہے۔
اقلیتوں کے قومی دن پر پاک فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور تینوں سروسز چیفس نے مبارکباد دی۔ اپنے مشترکہ پیغام میں کہا اقلیتوں کے حقوق اور آزادیاں مقدس ہیں جو آئین اوراسلام کے مطابق ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آج کا دن تنوع، شمولیت اور بقائے باہمی ہماری عظیم قوم کا خاصا ہے، اقلیتی برادریاں ہمارے سماج کا ناگزیراور اہم ترین حصہ ہیں، قوم کی ترقی اور خوشحالی میں اقلیتی برادری کا حصہ ناقابل فراموش ہے۔ اقلیتی برادریوں کی قربانیوں اور خدمات کی قدرکرتے ہیں، اور پاکستان کی مسلح افواج اقلیتی برادریوں کے غیرمتزلزل عزم، لگن اورقربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
اقلیتوں کے دن کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ منیارٹی سے تعلق رکھنے والے پنجاب کے ہر بھائی اور بہن کو سلام، قائد اعظمؒ نے ہر شہری کو اپنی عبادت گاہ میں جانے کیلئے آزاد قرار دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مساوات، رواداری اور برداشت جمہوریت کی بہترین تعریف ہے، پاکستان میں مذہب، ذات اور مسلک سے بالاتر ہر شہری برابر ہے، سب ایک ہی گلدستے کے خوش رنگ اور خوش نما پھول ہیں، پاکستان سب کا ہے اور سب کے لئے جنت ارضی کے مترادف ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ قائداعظمؒ کے ویژن کے مطابق پنجاب میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں، اقلیتی برادریوں کے تمام بھائی اور بہنوں کو تعلیم اور روزگار کے مساوی مواقع میسر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلی تقریر کے روڈ میپ میں اقلیتوں کو سر کا تاج قرار دیا، ایسٹر پر مریم آباد کے چرچ میں مسیحی برادری سے مل کر ایسٹر کا تہوار منایا گیا، پہلی مرتبہ ایسٹر پر 10ہزار مسیحی خاندانوں کو عیدی دی، وساکھی پر کرتارپور جا کر گندم کاٹی اور سنگت کا لنگر کھایا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کو دنیا بھر میں سکھ آنند کارج میرج ایکٹ نافذ کرنے والا پہلا صوبہ ہونے کا اعزاز ہے، ہندو میرج ایکٹ اور کرسچن پرسنل لاز پر کام جاری ہے، جلد اسمبلی میں لائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پہلی مرتبہ اقلیتی برادری کیلئے پنجاب میں 2 ارب 85 کروڑ روپے کا ریکارڈ بجٹ مختص کیا گیا، اقلیتی نوجوانوں کے لئے سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں خصوصی کوٹہ یقینی بنایا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی
اقلیتوں کے حقوق کے قومی دن پر اپنے پیغام میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہمارا دین اور آئین اقلیتوں کے ساتھ حسن سلوک روا رکھنے کا درس دیتا ہے، ہمارے نبی کریمﷺ اور قائداعظمؒ نے بھی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی تلقین کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کا پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں کلیدی کردار ہے، تمام اقلیتی برادریوں کو ملکی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کا کردار نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت امتیازی سلوک کے خاتمے اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے، آج کے دن ہمیں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے مزید موثر انداز میں عملی اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔
بلاول بھٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق، ترقی اور بااختیار بنانے کے بنیادی اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
اقلیتوں کے قومی دن پر اپنے پیغام میں سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، ترقی اور بااختیار بنانے کیلئے پُرعزم ہیں، پیپلز پارٹی نے اقلیتوں کے حقوق کے لیے طویل جدوجہد کی ہے: 1973ء کا متفقہ آئین قائد عوام شہید بھٹو کی سیاسی بصیرت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ 1973 کا آئین تمام شہریوں کو مساوی حقوق، مذہبی آزادیوں اور تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، میری والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو پاکستان کے لیے ایک خواب دیکھتی تھیں، میری والدہ کا خواب تھا کہ تمام مذاہب کے لوگ باہمی ہم آہنگی اور عزت و وقار کے ساتھ زندگی بسر کر سکیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا مزید کہنا تھا کہ اقلیتوں کا دن قومی سطح پر منانے کی ابتدا صدر آصف علی زرداری نے اپنے پہلے دورِ صدارت میں کی، اقلیتوں کا قومی دن منانے کا مقصد قومی زندگی میں اقلیتوں کے اہم کردار کو تسلیم کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کا قومی دن منانے کا مقصد معاشرے میں رواداری و ہم آہنگی کو فروغ دینا بھی تھا، ہمارے ملک کی تنوع ہماری سب سے بڑی طاقت ہے، یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر شہری کو مساوی حقوق اور مواقع ملیں۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ تمام پاکستانی آج اقلیتوں کے قومی دن پر امتیاز اور عدم برداشت کے خلاف جنگ میں متحد ہو جائیں: آئیے! ہم انصاف، مساوات اور رواداری کے اصولوں کو اپنا کر پاکستان کی تعمیر کیلئے تجدید کریں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کا کہنا تھا کہ ہم سب مل کر ایک ایسا ملک بنا سکتے ہیں جہاں ہر فرد، مذہب یا نسل سے قطع نظر، ترقی کرے اور ہر فرد قوم کی خوشحالی میں اپنا حصہ ڈال سکے۔